کابل : طالبان نے فاضلی کو افغان کرکٹ کا نیا چیئرمین بنادیا

کابل ( انٹرنیشنل سپورٹس ڈیسک ) طالبان نے عزیز اللہ فاضلی کو افغانستان کرکٹ بورڈ کا نیا چیئرمین مقرر کردیا۔ بطور سربراہ بورڈ میں واپس لوٹنے پر پاکستان کے خلاف سیریز کا انعقاد پہلا ٹاسک ہوگا، طالبان کی جانب سے ملک کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد عزیز اللہ فاضلی کی تقرری ملک میں پہلی بڑی کرکٹنگ ڈیولپمنٹ ہے، وہ اس سے قبل بھی ایک برس کیلیے افغان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رہ چکے۔ انھوں نے عاطف مشال کے مستعفی ہونے پر ستمبر 2018 میں یہ ذمہ داری سنبھالی تھی اور جولائی 2019 تک اس عہدے پر فائز رہے تھے تاہم ون ڈے ورلڈ کپ میں ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد ان کی جگہ فرحان یوسفزئی کو بورڈ کا نیا سربراہ بنادیا گیا تھا۔ فاضلی کی تقرری کا فیصلہ اتوار کو طالبان اور اے سی بی آفیشلز کے درمیان میٹنگ میں کیا گیا، وہ افغانستان کرکٹ کے ساتھ مختلف حیثیت میں گذشتہ ایک دہائی سے وابستہ ہیں، وہ ملک میں کرکٹ کو فروغ دینے والے ابتدائی کرکٹرز میں سے ایک ہیں، وہ ماضی میں بورڈ کے نائب چیئرمین اور ایڈوائزر بھی رہ چکے ہیں۔ ان کا اب پہلا ٹاسک سری لنکا میں پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز کے انعقاد کو یقینی بنانا ہوگا، جس کی راہ میں کئی رکاوٹیں حائل ہیں، ابھی تک کابل سے کمرشل فلائٹس شروع نہیں ہوئی ہیں، اے سی بی اپنے پلیئرز کو سڑک کے راستے پاکستان اور وہاں سری لنکا بھیجنے پر بھی غور کررہا ہے، دوسری جانب نیوٹرل وینیو سری لنکا میں 10 روز کے لاک ڈاؤن کی صورت میں بھی ایک رکاوٹ موجود ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں