گجرات : نئے ترقیاتی پروگرام میں گجرات کی 34سکمیں شامل، 11ارب 16کروڑ روپے خرچ ہونگے۔ ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم

ترقیاتی محکمے نئے منصوبوں کا پی سی ون فوری تیار کریں اور بروقت منظوری کیلئے پیش کیا جائے، ایس ڈی جیز، لوکل گورنمنٹ، دیہی سڑکوں کی تعمیر، سکول ایجوکیشن کے جاری منصوبوں پر یکساں توجہ دی جائے۔ ترقیاتی محکموں کے سربراہان کے تعارفی اجلاس سے خطاب

گجرات۔( رپورٹ : سجیل احمد حمزہ ) ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم اظہر نے ہدایت کی ہے کہ تمام محکمے نئے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل منصوبہ جات کی پی سی ون فوری تیار کرکے منظوری کیلئے پیش کریں، ترقیاتی منصوبہ جات کی بروقت تکمیل اولین ترجیح ہوگی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ترقیاتی محکموں کے سربراہان کے ساتھ تعارفی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ جہانگیر شبیر بٹ نے نئے اور جاری منصوبہ جات کے حوالے سے بریفنگ دی، اسسٹنٹ کمشنر وقار حسین خاں، خالد عباس سیال،احسن ممتاز بھی موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم اظہر نے کہا کہ مالی سال 2021-22کے بجٹ میں ضلع گجرات کی 34نئی سکیمیں شامل کی گئی ہیں جن پر مجموعی طور پر 11ارب 16کروڑ65لاکھ روپے اخراجات کا تخمینہ ہے جبکہ حکومت پنجاب نے 2ارب روپے سے زائد فنڈز مختص کئے جاچکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نئی سکیموں میں ہائیوے ڈیپارٹمنٹ کی 8 سکیموں پر 5540ملین روپے، پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کی 6سکیموں پر 2185ملین روپے، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی 4 سکیموں پر 1307ملین روپے، انڈسٹریز ڈیپارٹمنٹ کی ایک سکیم پر 1325ملین روپے،، لوکل گورنمنٹ کی 5 سکیموں پر 204ملین روپے، سپورٹس کی 2 سکیموں پر 80ملین روپے، اور اوقات ڈیپارٹمنٹ کی ایک سکیم پر 15ملین روپے، ہائیر ایجوکیشن کی 1سکیم پر 115ملین روپے، سوشل ویلفیئر کی ایک سکیم پر 55ملین روپے، ایمرجنسی سروسز کی 3سکیموں پر 218ملین روپے اور پبلک بلڈنگز کی دو سکیموں پر 121ملین روپے خرچ ہوں گے۔ ڈپٹی کمشنر وسیم مہتاب اظہر نے کہا کہ87 جاری ترقیاتی منصوبوں پرابتک 11830ملین روپے خرچ ہو چکے ہیں، گزشتہ مالی سال کے دوران ان منصوبوں پر 3513ملین روپے خرچ کئے گئے ہیں اور ان پراجیکٹس پر فزیکل پراگریس 85فیصد ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ کمیونٹی ڈویلپمنٹ، ایس ڈی جیز، لوکل گورنمنٹ اے ڈی پی،دیہی علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر، سکول ایجوکیشن کے منصوبہ جات پر یکساں توجہ دی جائے۔ اس سے قبل تمام محکموں کے سربراہان نے جاری اور نئی سکیموں کے حوالے سے آگاہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں