57

ایجوکیشن ملائیشیا گلوبل سروسزکے وفد کا دورہ جامعہ گجرات


ایجوکیشن ملائیشیا گلوبل سروسز کے ایک وفد نے تعلیم و تدریس کے فروغ کے لیے جامعہ گجرات کا دورہ کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شبر عتیق سے ملاقات کی۔ پروفیسر ڈاکٹر شبر عتیق نے وفد کو جامعہ گجرات میں جاری مختلف اعلیٰ تدریسی و تعلیمی پروگراموں، اعلیٰ تعلیم کے نظام کو بہترین بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات اور دیگر تعلیمی سرگرمیوں بارے آگاہ کیا۔ ایجوکیشن ملائیشیا گلوبل سروسز کےCEOاوروفد کے سربراہ محمد رزلان جلال الدین نے ڈاکٹر شبر عتیق کو جامعہ گجرات میں جاری اعلیٰ تدریسی پروگراموں کی مزید کامیابی کے لیے بھرپور معاونت کا یقین دلایا۔ بعد ازاں ایجوکیشن ملائیشیا گلوبل سروسز کے وفد کے ساتھ مختلف شعبہ جات کے ڈین، ڈائریکٹروں اور سینیئر اساتذہ کے اجلاس کا اہتمام ہوا۔ اجلاس کی صدارت پروفیسر ڈاکٹر شبر عتیق نے کی۔ ڈاکٹر شبر عتیق نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم قوم کے درخشاں مستقبل کی ضامن ہے۔ جامعات اعلیٰ تعلیم و تدریس کے نگہبان کا فریضہ انجام دیتے ہوئے نوجوان طلبہ کی امیدوں کا محور ہیں۔ طلبہ کو تعلیمی وتحقیقی ترقی کے بہترین مواقع فراہم کرنا اجتماعی قومی ذمہ داری ہے۔ محمد رزلان جلال الدین نے کہا کہ تعلیمی، تحقیقی و تدریسی حوالہ سے ملائیشیا کو مسلم ممالک میں خصوصی مقام حاصل ہے۔ EMGSحکومت ملائیشیا کے تعاون سے بیرونی ملکوں کے ذہین و ہونہار طلبہ کو ملائیشیا میں اعلیٰ تعلیم و تدریس کے مواقع سے مستفید کرنے کی راہ پر گامزن ہے۔ ملائیشیا کی بہترین یونیورسٹیوں کو ورلڈ رینک اعلیٰ تعلیم کے ادارے ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ پاکستان ہمارا برادر اسلامی ملک ہے۔ پاکستانی طلبہ کو ملائیشیا کی بہترین یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کرنے کے مواقع فراہم کرنا ایک خوش آئند امر ہے۔ محمد رزلان جلال الدین نے پاکستان اور ملائیشیا کے مابین بہتر سفارتی تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے شرکاء کو ملائیشیا کے تعلیمی نظام بارے بھی مفصل آگاہی بخشی۔ اجلاس میں جامعہ گجرات کے طلبہ کے لیے ملائیشیا میں انٹرن شپ، اساتذہ کے لیے تدریسی و تحقیقی ٹریننگ کے مواقع، سیمینار ایکسچینج پروگرام اور اساتذہ کے لیے مختلف شعبوں خصوصاً سوشل سائنسز، مینجمنٹ سائنسز،آرٹس،انسٹیٹیوٹ آف ہوٹل وریسٹورنٹ مینجمنٹ اورسکول برائے آرٹ، ڈیزائن وآرکیٹیکچر میں سکالر شپ پروگراموں کے حوالہ سے مختلف امور کو زیر بحث لایا گیا۔ اجلاس میں پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد فہیم ملک، ڈین پروفیسر محمد مشاہد انور، ڈائریکٹرORICڈاکٹر عادل رشید،ڈائریکٹر SADAمحمد آصف شریف و دیگر نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں