113

اسلام آباد : آبادی میں تیزی سے اضافہ اقتصادی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے، ڈاکٹرعارف علوی

اسلام آباد : صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ آبادی میں تیزی سے اضافے سے ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی پر اثرات مرتب ہو رہے ہیں جس کے لیے لوگوں میں شعور بیدار کرنے کے لیے قومی سطح پر ایک وسیع البنیاد مہم چلانے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آبادی میں تیز اضافے پر صحافیوں کے ساتھ فکری نشست میں کہا کہ میڈیا خاندانی منصوبہ بندی پر رائے عامہ ہموار کرنے، رویوں میں تبدیلی لانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے اور اس کے لیے ٹیلی ویژن ٹاک شوز، ڈرامہ سیریلز میں آبادی کے مسئلے پر توجہ سود مند ثابت ہو سکتی ہے۔ صدر مملکت نے میڈیا پبلک سروس پیغامات کے ذریعے ملک میں آبادی کی تشویشناک شرح کے بارے میں بیداری پیدا کرنے پر زور دیا۔ اس موقع پر مشیر برائے صحت ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ آبادی میں بے ہنگم اضافہ قومی سلامتی کا مسئلہ اور آبادی میں اضافےسے نئی نسل کو تعلیم اور صحت کی سہولیات کی کمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ رہنمائی کی کمی، مانع حمل مصنوعات کی عدم دستیابی کی وجہ سے پاکستان میں 40 لاکھ ان چاہے حمل ہوتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں