لاہور : تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ علامہ سعد حسین رضوی کی رہائی کی درخواست واپس لئے جانے پر نمٹادی گئی

لاہور: ہائی کورٹ نے تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ علامہ سعد حسین رضوی کی رہائی کی درخواست واپس لئے جانے پر نمٹادی۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس امیر بھٹی کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے علامہ سعد حسین رضوی کی رہائی کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل برہان معظم ملک نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالت نے درخواست کے قابل سماعت ہونے کے بارے میں دلائل مانگے تھے، سعد حسین رضوی کی رہائی سے متعلق ہماری اپیل غیر مؤثر ہو چکی ہے، اس لئے وہ اسے واپس لیتے ہیں۔ عدالت نے درخواست واپس لینے پر معاملہ نمٹا دیا۔ گزشتہ روز سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے کہا تھا کہ حکومت اور ٹی ایل پی کے معاملات طے ہو رہے ہیں، جس پر لاہور ہائی کورٹ نے ریمارکس دیئے تھے کہ سوال یہ نہیں کہ معاملات طے ہوئے ہیں کہ نہیں ، آپ نے جس نوٹی فکیشن کو چیلنج کیا اس کی تو معیاد مکمل ہو چکی ہے،آپ درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق عدالت کو مطمئن نہیں کر رہے، آپ یہ بتائیں درخواست قابل سماعت کیسے ہے ؟ واضح رہے کہ علامہ سعد حسین رضوی کی رہائی کے لئے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست ان کے چچا نے دائر کی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں