کراچی : عمر شریف کا جسد خاکی بدھ کو کراچی پہنچے گا، اہل خانہ

کراچی ( شوبز رپورٹر ) عمر شریف مرحوم کے اہل خانہ نے کہا ہے کہ لیجنڈ کامیڈین کی نماز جنازہ اور تدفین بدھ کی شام ہوگی۔ ڈیلی جستجو ڈاٹ کام اور جستجو نیوز ڈاٹ ٹی وی کے مطابق عمر شریف مرحوم کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ عمر شریف کی میت آج جرمنی سے براستہ استنبول کراچی لائی جائے گی، عمر شریف کا جسدِ خاکی کل صبح 5 بج کر 45 منٹ پر ترکش ائرلائن سے کراچی پہنچایا جائے گا۔ اس حوالے سے سول ایوی ایشن نے تمام انتظامات مکمل کرلیے ہیں ۔ اس کے علاوہ ٹرکش ائیر ویز کی پرواز ٹی کے 0708 کے ذریعے بیوہ زرین غزل بھی کراچی پہنچیں گی۔ عمر شریف کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ سے میت کو سماجی ادارے کے سرد خانے منتقل کیا جائے گا، نمازجنازہ کل سہہ پہر 3 بجے عمر شریف پارک کلفٹن میں ادا کی جائے گی، مرحوم کو حضرت عبداللہ شاہ غازی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کے مزار سے متصل قبرستان میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ عمر شریف کو علاج کے لئے امریکا لے جاتے ہوئے جرمنی میں کچھ وقت کے لیے قیام کرنا پڑا تھا تاہم وہ وہیں دوران علاج انتقال کرگئے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں