نورپورتھل : تحصیل نورپور تھل کے عوام کی اجتماعی تعمیر و ترقی میری اولین ترجیح ہے۔ ڈاکٹر مبارک علی رضا راجپوت

ڈاکٹر مبارک علی رضا راجپوت اسسٹنٹ کمشنر نورپورتھل ۔ فوٹو : راجہ نور الٰہی عاطف

نورپورتھل (رپورٹ : راجہ نورالہی عاطف )اسسٹنٹ کمشنر نورپورتھل ڈاکٹر مبارک علی رضا راجپوت نے کہا ہے کہ تحصیل نورپور تھل کے عوام کی اجتماعی تعمیر و ترقی میری اولین ترجیح ہے۔ انشاءاللہ اس سلسلہ میں تمام دستیاب وسائل کو بھرپور طریقے سے بروئے کار لایا جائے گا ۔وہ اپنے دفتر میں میڈیا سے خصوصی گفتگو کر رہے تھے۔ تحصیلدار نورپورتھل ملک شاہد اقبال بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ میری یہ بھرپور کوشش ہو گی کہ قطری شہزادہ عبدالہادی مانا الحاجری کی طرف سےنورپورتھل کے شہریوں کے لیے عطیہ کیے جانے والا واٹر فلٹریشن پلانٹ جلد از جلد چالو ہو سکے تا کہ شہری پینے کے صاف پانی کی سہولت سے استفادہ حاصل کر سکیں۔ ڈاکٹر مبارک علی رضا راجپوت نے کہا کہ اسواٹر فلٹریشن پلانٹ کی دیکھ بھال کے لئے متعلقہ حکام کو خصوصی ہدایات بھی جاری کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ پبلک سکول نورپورتھل سمیت دیگر عوامی فلاح و بہبود کے کاموں پر خصوصی توجہ دی جائے گی ۔سماجی بہبود کے حوالے سے  تھل کی بزنس کمیونٹی اور مخیر حضرات کا بھی خصوصی تعاون حاصل کیا جائے گا ۔ڈاکٹر مبارک علی رضا راجپوت نے کہا کہ رنگ پور بگھور چوک کی تزئین و آرائش کے ادھورے  کام کو  مکمل کروایا جائے گا تاکہ شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ تحصیل ہیڈکوارٹر نورپورتھل شہر کی خوبصورتی کے لیے بھی بتدریج مزید ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں