ساہیوال : خواتین کو مضبوط اور تعلیم یافتہ بنائے بغیر ملک کی ترقی ممکن نہیں ؛ بیگم گورنر پنجاب پروین سرور

ساہیوال ( ڈسٹرکٹ رپورٹر ) بیگم گورنر پنجاب پروین سرور نے کہا ہے کہ خواتین کو مضبوط اور تعلیم یافتہ بنائے بغیر ملک کی ترقی ممکن نہیں،ضرورت اس امر کی ہے کہ بچیوں کی تعلیم اوران کی صحت پر خصوصی توجہ دی جائے تا کہ وہ معاشرے کی کار آمد شہری بن سکیں– گرلز گائیڈ تحریک خواتین کی خود اعتمادی میں اضافے کا بہترین پلیٹ فارم ہے جسے استعمال کیا جانا چاہیے-انہو ں نے یہ بات عالمی یوم خواتین کے حوالے سے گورنمنٹ گرلز کالج کمیر میں ہونے والی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں ڈائریکٹر کالجز پروفیسر مسعود فریدی،ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز شباب فاطمہ اورپرنسپل امینہ کنول سمیت اساتذہ اور طالبا ت کی کثیر تعداد نے شرکت کی -انہو ں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ اپنی تمام تر توجہ حصول تعلیم پر مرکوز رکھیں اور اپنے پسندیدہ شعبوں میں نمایاں مقام حاصل کر نے کے لئے محنت کو اپنا شعار بنائیں – انہوں نے گرلز گائیڈ تحریک پر تفصیلا روشنی ڈالی اور طالبات پر زور دیا کہ وہ سماجی خدمات اور ہم نصابی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تا کہ ان کی متوازن شخصیت سازی ہو سکے۔انہوں نے سرور فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام جاری مختلف سماجی خدمات پر بھی روشنی ڈالی اور بتایا کہ دیہی مرکز صحت کمیر میں جاری آئی کیمپ کے دوران ایک ہزار سے زائد مریضوں کا علاج کیا جا چکا ہے۔ آخر میں بیگم پروین سرور نے تعلیمی شعبے میں نمایاں کارکردگی پر اساتذہ اور طالبات میں سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں