بیجنگ : چین میں 7 بچوں کی پیدائش پر کروڑوں روپے جرمانہ

بیجنگ ( انٹرنیشنل دلچسپ و عجیب ڈیسک ) چین میں ایک جوڑے کو سات بچے پیدا کرنے کے جرم میں کروڑوں روپے جرمانہ ادا کرنا پڑا ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین میں 2 سے زائد بچوں کی پیدائش پر پابندی عائد ہے اور اس قانون کی خلاف ورزی کرنے والے جوڑوں کو بھاری جرمانہ ادا کرنا پڑتا ہے تاہم سات بچوں کے والدین نے یہ جرمانہ ہنسی خوشی ادا کیا۔ اس چینی جوڑے کے ایک سے 14 سالہ 5 بیٹے اور 2 بیٹیاں ہیں۔ تیسرے بچے کی پیدائش سے انہیں ہر بچے کی پیدائش پر جرمانہ ادا کرنا پڑتا تھا جو مجموعی طور پر ڈھائی کروڑ روپے بنتے ہیں۔ زیادہ بچوں کی خواہش 34 سالہ زینگ رہنگ کی تھی جب کہ ان کے 39 سالہ شوہر بھی بڑے خاندان کو زیادہ اہم سمجھتے ہیں۔ جوڑے کا کہنا ہے کہ جب وہ بوڑھے ہوجائیں گے تو یہ بچے ان کے پاس ہوں گے اور ان کا خیال رکھ پائیں گے۔ واضح رہے کہ چین میں ایک سے زائد بچوں کی پیدائش پر پابندی کو ملک میں بزرگ شہریوں کی بڑھتی ہوئی آبادی اور شرح پیدائش میں تشویشناک کمی کے باعث 2016 میں ختم کرکے دو بچوں کی پیدائش کی اجازت دیدی گئی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں