مظفر آباد : صحافت ایک مقدس پیشہ ہے میری ہمیشہ خواہش رہی ہے کہ میں بھی صحافی بنوں۔وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان

مظفر آباد ( نمائندہ خصوصی ) وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ صحافت ایک مقدس پیشہ ہے میری ہمیشہ خواہش رہی ہے کہ میں بھی صحافی بنوں، اگر ذمہ داری کا احساس ہو تو وزیر اعظم کی کرسی کا نٹوں کی سیج ہے۔ 5اگست کے ہندوستان کے اقدامات کے بعد ریاستی میڈیا نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔ صحافت میں ذمہ داری اور تحقیق بنیادی اہمیت کے حامل ہیں۔ صحافیوں کو معلومات حاصل کر کے سچائی لکھنی چاہیے۔ اس وقت ملک کو سنگین خطرات لاحق ہیں ایسے میں میڈیا کا کر دار اور بھی بڑھ چکا ہے۔ ایڈیٹوریل اخبار کی پولیسی کو ظاہر کرتا ہے۔ آپ اپنے ایڈیٹوریل میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کریں۔ تعصب پھیلانے والوں کی حوصلہ شکنی کرنی چاہیے۔ البتہ اگر کسی کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہو تو میڈیا اسے ضروری اجاگر کرے۔ قوموں کی تعمیر میں میڈیا کا کردار اہمیت کا حامل ہوتا ہے بارہویں ترمیم، تیرہویں ترمیم اور مالیاتی خود مختیاری ہماری کارکردگی ہے۔ وفاقی حکومت نے ہمارے 15ارب کے فنڈز روکے ہوئے ہیں۔ میڈیااسکو بھی اجاگر کرے۔ سلطان محمود، چوہدری لطیف اکبر اور سردار عتیق ان معاملات پر کیوں نہیں بولتے۔ پچھلے 5سالوں سے ہم نے اوورڈرافٹ ختم کیا۔ میاں نواز شریف نے ہمارا بجٹ بڑھایا جبکہ شاہد خاقان عباسی نے ہمارے شیئر میں اضافہ کیاجس پر انکے شکر گزار ہیں۔آئندہ 5سے 10سال کشمیر کے لیے بہت اہم ہیں۔ اگلے انتخابات نے کشمیر کے مستقبل کا تعین کرنا ہے۔ آئندہ انتخابات کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔ میڈیا عوام کو اس حوالہ سے آگاہی فراہم کرے۔ اس وقت کشمیر 3حصوں میں تقسیم ہو چکا ہے۔ آپ کشمیریوں کی شہادتوں کے رہن ہیں۔کشمیر کے شہدا کے امین ہیں۔ آپ نے ان کی آواز بلند کرنی ہے۔ آزادکشمیر کے لوگ اور تارکین وطن ملکر کشمیریوں کے حقوق کی جنگ لڑیں گے۔ حکومت پاکستان کو کشمیر پر معذرت خواہانہ پالیسی ترک کرنی ہوگی۔ وزیر خارجہ براڈ شیٹ چھوڑ کر مسئلہ کشمیر پر توجہ دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مرکزی ایوان صحافت کے نو منتخب ممبران صدر سجاد قیوم میر، سیکرٹری جنرل اشفاق شاہ،سینئر نائب صدرمسعودعباسی،نائب صدر ایم ڈی مغل،سیکرٹری اطلاعات اخلاق کاشر،سیکرٹری مالیات واجد خان، ڈپٹی سیکرٹری اعجاز کاظمی اور جوائنٹ سیکرٹری ذوالکفل کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدر سجاد قیوم میر،جنرل سیکرٹری اشفاق شاہ، سابق جنرل سیکرٹری ذوالفقار بٹ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ تقریب میں سابق وزیر چوہدری محمد سعید، مشیر حکومت ضیاء سردار، ڈائریکٹر جنر ل اطلاعات راجہ اظہر اقبال، وکلاء،سول سوسائٹی اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ وزیراعظم آزادکشمیر کا تقریب آمد پر پرتپاک استقبال کیا گیا پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ اس موقع پر وزیر اعظم آزاد کشمیر نے صدر و مرکزی ایوان صحافت کو صحافتی کالونی کے لیے 61کنال اراضی کا نوٹیفکیشن دیا۔ وزیر اعظم نے پریس کلب کے لیے 30لاکھ روپے کی گرانٹ کا اعلان بھی کیا۔ وزیر اعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے گزشتہ ساڑھے چار سالوں میں اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کی کوشش کی ہیں۔ اب میں چاہتا ہوں کہ کلرک سے سکیل 16تک کی تمام آسامیوں کو این ٹی ایس کے ذریعے پر کرنے کے لیے قانون سازی کریں گے جبکہ اسمبلی ایکٹ کے ذریعے این ٹی ایس کو تحفظ بھی فراہم کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی کارکردگی کی بنیاد پر آئندہ انتخابات میں عوام کے پاس جائیں گے۔ پورے وثوق سے کہتا ہوں کہ ہم نے اپنے دور میں جو کام کیے ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم ضلعی تعصب پھیلانے سے گریز کریں انکو قومی معاملات پر بات کرنی چاہیے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سیاحت کے فروغ کے لیے اقدامات کیے ہیں۔وفاقی حکومت نے ٹورازم کوریڈور منصوبہ پر عملدرآمد نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ فروری میں میرپور کارڈیک ہسپتال فنگشنل ہو جائیگا۔ انجیو گرافی اور اینجو پلاسٹی کا سامان خرید کر لیا گیا ہے۔ جبکہ مظفرآباد آفیسرز کلب کو بھی کارڈیک ہسپتال بنا رہے ہیں جہاں جدید سہولیات میسر ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کی فلاح وبہبود کے لیے ہم نے بہترین کام کیا ہے۔ اس حوالہ سے ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال کی خدمات لائق تحسین ہیں۔ صحافت کو انڈسٹری نہ بنائیں۔ یہ ا یک مقدس پیشہ ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مرکزی ایوان صحافت سجاد قیوم میر نے کہا کہ موجودہ حکومت نے صحافت کے دیرینہ مسائل حل کیے۔ آزادی صحافت کے لیے موجودہ حکومت نے بہترین کام کیا۔ اس قت مقبوضہ کشمیر کے اندر صحافت سسک رہی ہے۔ جبکہ ہم ہر جگہ آزادی سے اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے تحریک آزادی کشمیر کو بہترین انداز میں اجاگر کیا اور کسی بھی موقع پر ان کے قدم نہیں لڑ کھڑائے جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ ہم وزیر اعظم کو یقین دلاتے ہیں کہ مشکل حالات میں ہم انکے ساتھ ہیں مقبوضہ کشمیر کے معاملہ پر انکو مکمل حمایت کا یقین دلاتے ہیں۔انہوں نے ریاست کی ترقی خوشحالی اور میرٹ کی بحالی کے لیے وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان کی قیادت میں قائم مسلم لیگ ن کی حکومت کو ادارہ کی جانب سے خراج تحسین پیش کیا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل اشفاق شاہ نے کہا کہ صحافتی کالونی کے لیے 61کنال اراضی کے نوٹیفکیشن پر وزیر اعظم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں اور انکا شریہ ادا کرتے ہیں۔ ایوان صحافت بلڈنگ اور صحافیوں کی پنشن کے معاملات موجودہ حکومت کے صحافت دوست اقدامات ہیں۔ اس موقع پر وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے اعلیٰ کارکردگی پر ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال،پریس سیکرٹری راجہ محمد وسیم خان۔ ایس ایس پی مظفرآباد یاسین بیگ، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عامر شہزاد چوہدری،تحصیلدار حماد بشیر، نائب تحصیلدار سید ضمیر حسین شاہ کو مرکزی ایوان صحافت کی طرف سے ایوارڈ بھی دیے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں