خوشاب : وزیراعظم عمران خان کے وژن نیا پاکستان کے تحت عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے حکومت بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے ؛ ملک محمد احسان اللہ خان ٹوانہ

خوشاب ( رپورٹ: راجہ نورالہی عاطف ) ممبر قومی اسمبلی و پی ٹی آئی شمالی پنجاب کے جنرل سیکرٹری ملک محمد احسان اللہ خان ٹوانہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن نیا پاکستان کے تحت عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے حکومت بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے ۔ حکومت عوام کو مصنوعی مہنگائی سے نجات دلانے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی آئی سیکرٹریٹ جوہر آباد میں ورکرز سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ پی ٹی آئی ضلع خوشاب کے صدر ملک مسعود انور کنڈان، پی ٹی آئی کے ضلعی رہنما سردار علی خان بلوچ اور سابق ناظم یو سی رنگپور بگھورملک غلام جعفر خان بگھور سمیت پی ٹی آئی عہدیداران اور ورکرز کی کثیر تعداد اس موقع پر موجود تھی۔ ملک محمد احسان اللہ خان نے کہا کہ ہم اپنے قائد عمران خان، اپنی پارٹی کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی اور صدر پی ٹی آئی ریجن صداقت عباسی کے تہہ دل سے مشکور و ممنون ہیں جنہوں نے مجھے پی ٹی آئی شمالی پنجاب کے جنرل سیکرٹری کے عہدے سے سرفراز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرا یہ عہدہ درحقیقت پی ٹی آئی ضلع خوشاب کے ورکرز کا اعزاز ہے ۔ ممبر قومی اسمبلی نے کہا کہ ہم پی ٹی آئی کے نظریاتی ورکرز کو بھرپور عزت دیں گے ۔انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ آپس کے اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اکٹھے ہو کر چلیں۔ ملک محمد احسان اللہ خان ٹوانہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی تنظیموں کو مزید فعال بنایا جائے گا ۔انشاءاللہ اگلے الیکشن میں ضلع خوشاب پی ٹی آئی کا قلعہ ثابت ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں