گجرات : بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کی 39 شکایات کا ازالہ کر دیا گیا

گجرات(رپورٹ : سجیل احمد حمزہ ) اوورسیز پاکستانی کمیٹی گجرات نے بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کی 39 شکایات کا ازالہ کر دیا، 15 شکایات پر کاروائی جاری ہے شکایات کی آن لائن سماعت کے آغاز سے کمیٹی کی کارکردگی مزید موثر ہوئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے ضلعی چیئرمین اووسیز کمیٹی چوہدری عدیل ارشد کی زیر صدارت اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ایس پی عمران رزاق، اسسٹنٹ کمشنرزسلمان ظفر، خالد عباس، فوکل پرسن وقار حسین خان کے علاوہ مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پراپرٹی کے تنازعات کے حل کیلئے ریونیو پولیس کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں، افسران کمیٹیوں کو فعال بنائیں، فریقین کو براہ راست سنا جائے اور دھوکہ دہی کرنے والے عناصر کے خلاف مقدمات درج کروائیں جائیں۔ اجلاس میں یوکے دوبئی اور ساوتھ افریقہ میں مقیم شاھد ریاض، منشا بیگم سمیت دیگر شکایات کو سنا گیا۔ ضلعی چیئر مین عدیل ارشد رحمانیہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی اوورسیز پاکستانیز کمیٹی نے موثر انداز میں شکایات کو نمٹایا ہے،کمیٹی کے روبرو بیشتر نئی درخواستیں ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں