خوشاب : پاکستان کے ہر شہری کو اپنی آمدنی کے مطابق انکم ٹیکس ادا کرنا چاہیے۔ قومی معیشت میں مضبوطی اور ترقی کے لیے ٹیکسوں کی ادائیگی بہت ضروری ہے ؛ اسد طاہر جپہ

خوشاب ( رپورٹ: راجہ نورالہی عاطف ) ممتاز سکالر،کالم نویس، کمشنر انکم ٹیکس سرگودھاڈویژن اسد طاہر جپہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے ہر شہری کو اپنی آمدنی کے مطابق انکم ٹیکس ادا کرنا چاہیے۔ قومی معیشت میں مضبوطی اور ترقی کے لیے ٹیکسوں کی ادائیگی بہت ضروری ہے۔ پاکستانی عوام اور ایف بی آرکے درمیان باہمی اعتماد اور تعاون کی فضا قائم کرنے کے لیے مسجد کا کردار تاریخی اور کلیدی حیثیت کا حامل ہے۔ جیسا کہ ہم جانتے ہیں کہ ہمارے آخری نبی حضرت محمد مصطفی ا ﷺ نے ریاست مدینہ کی بنیاد مسجدِ نبوی میں رکھی تھی اور مسجد نبوی اور اُس دور کا سب سے پہلا پارلیمنٹ، عدالت عظمیٰ اور انتظامی اُمور کے لیے پبلک سیکرٹریٹ کا کام انجا م دیتی تھی۔عوام اور سرکاری اداروں بالخصوص ایف بی آرکے درمیان باہمی تعاون اور اعتماد کی فضاء قائم کرنے کے لیے مسجد کو دوبارہ آباد کریں۔ اُنھوں نے ان خیالات کا اظہار مرکزی جامع مسجد بلاک 1جوہرآباد میںکیا۔ جہاں پر ان لینڈ ریونیو آفیسرخوشاب یونٹ جوہرآباد محمد انتظار، انجمن تاجران جوہرآباد کے عہدیداران اور دیگر معززین بھی موجود تھے۔ اسد طاہر جپہ نے مزید کہا کہ ہماراماضی اس بات کا گواہ ہے کہ ٹیکس کی ادائیگی سے ہم پاکستان کو دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کر سکتے ہیں۔ یہ امر خوش آئند ہے کہ لوگ ٹیکس کی ادائیگی کے لیے تیار ہیں۔ اس ضمن میں تاجروں کے مسائل حل کر نے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ اس موقع پر اسد طاہر جپہ نے کھلی کچہری میں عوام الناس کے سوالات کے جوابات بھی دیے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں