ساہیوال : جانوروں کو بیماریوں سے بچانے اور دودہ اور گوشت کی پیداواری صلاحیت کو برقرار رکھنے میں بہتر دیکھ بھال اور خوراک کا متوازن استعمال نہایت ضروری ھے ؛ ڈاکٹر غلام مصطفی ڈائریکٹر لائیو سٹاک

ساہیوال ( ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر غلام مصطفی نے کہا ہے کہ جانوروں کو بیماریوں سے بچانے اور دودہ اور گوشت کی پیداواری صلاحیت کو برقرار رکھنے میں بہتر دیکھ بھال اور خوراک کا متوازن استعمال نہایت ضروری ھے۔ محکمے کی موبائل ٹریننگ بس ڈویژن کے دور دراز علاقوں میں مویشی پال حضرات کی آگاہی و تربیت کیلئے فارمرڈے منعقد کر رہی ہے جن سے استفادہ کیا جانا چاہیے۔ ایک پریس ریلیز میں انہوں نے کہا کہ ان تربیتی پروگرامز میں سردی کے موسم میں جانوروں کی دیکھ بھال، حفاظتی ٹیکہ جات،کرم کش ادویات اور دیگر امور سے متعلقہ ڈاکومنٹریز بھی دکھائی جا رہی ہیں۔ مویشی پال حضرات موسم سرما میں اپنے جانوروں کو بیماریوں سے بچانے کے لیے احتیاطی تدابیر ضرور اختیار کریں۔سرسوں /برسیم کا چارہ اوس/کورا کی نمی ختم ہونے پر کاٹیں اور خشک چارہ مثلاً توڑی وغیرہ ملائے بغیر ہر گز نہ کھلائیں۔مویشیوں کو زیادہ توانائی والی خوراک مثلاً متوازن خوراک کھلائیں۔جانوروں کے احاطہ کو خشک اور صاف ستھرا رکھیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جانوروں کو رات کا کھڑا پانی ہرگز نہ پلائیں بلکہ ان کو تازہ پانی مہیا کریں۔کیونکہ رات کا بچا ہوا پانی پینے سے جانوروں کو سانس کی بیماری نمونیا ہونے کااندیشہ ہوتا ہے۔ انہون نے کہا کہ محکمانہ ہدایات پر عمل کر کے کسان اپنے جانوروں کی بہتر نگہداشت کو یقینی بنا سکتا ہے تاہم کسی ایمرجنسی میں قریبی ویٹنری ہسپتال سے فوری رابطہ کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں