خوشاب : اسسٹنٹ کمشنر نورپورتھل کرونا ایس او پیز پر عملدرآمد کروانے کے لیے ان ایکشن ، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف موقع پرہی قانونی کاروائی کرنے کا سلسلہ جاری

خوشاب ( رپورٹ: راجہ نورالہی عاطف ) اسسٹنٹ کمشنر نورپورتھل کرونا ایس او پیز پر عملدرآمد کروانے کے لیے ان ایکشن ، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف موقع پرہی قانونی کاروائی کرنے کا سلسلہ جاری ۔ تفصیلات کے مطابق حکومت کی ہدایت کے مطابق کرونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے اسسٹنٹ کمشنر نورپورتھل ڈاکٹر مبارک علی رضا راجپوت روزانہ کی بنیاد پر مختلف علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں ۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کو جہاں سخت وارننگ جاری کی جارہی ہے وہاں موقع پر ہی ضروری قانونی کاروائی بھی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر نورپورتھل ڈاکٹر مبارک علی رضاراجپوت نے نورپورتھل، رنگ بگھور، آدھی کوٹ اور دیگر نواحی علاقوں میں اچانک دوروں کے دوران کرونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر متعدد دکانیں، ہوٹلز اور میڈیکل سٹورز کو سیل کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر ضروری قانونی کاروائی بھی عمل میں لائی ہے۔ دریں اثناء اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر مبارک علی رضا راجپوت نے میڈیا سے خصوصی گفتگو میں کہاہے کہ حکومت کی طرف سے کرونا ایس اوپیز پر من و عن عمل درآمد یقینی بنانے کے لئے ہرگز کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری طور پر قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لئے ہمیں من حیث القوم اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں