خوشاب : ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو) خوشاب عدیل حیدر کی زیر صدارت پلاسٹک بیگز کے استعمال کی روک تھام کے حوالہ سے اجلاس

خوشاب (رپورٹ : راجہ نورالہی عاطف ) حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں پلاسٹک بیگز کے استعمال کی روک تھام کے حوالہ سے ڈی سی کانفرنس روم جوہرآباد میں ایک اجلاس کا انعقاد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو) خوشاب عدیل حیدر نے کی۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز نعمان محمود، ڈاکٹر مبارک علی رضا راجپوت، خیضراں علی،سی ای او ہیلتھ اتھارٹی خوشاب ڈاکٹر اورنگزیب، اے ڈی انوائرمنٹ طلحہ حنیف،ڈپٹی ڈائریکٹر شوشل ویلفیئر خوشاب ملک امتیاز احمد مانگٹ اور انجمن شہر تاجران کے جنرل سیکرٹری رانا سلیم الرحمن کے علاوہ ضلعی محکموں کے سربراہان افسران اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اے ڈی سی(آر) عدیل حیدر نے اجلاس میں بتایا کہ پلاسٹک بیگزکا استعمال ہمارے ماحول اور صحت کے لئے بہت زیادہ خطرناک ہے۔ لہٰذا اس کے استعمال میں کمی لانے یا اس کی حوصلہ شکنی کرنے کے لیے ہمیں تمام تاجروں حتیٰ کہ ہر شعبۂ زندگی کے لوگوں سے تعاون درکار ہے۔ بڑے دوکاندار سے لے کر ریڑھی والے تک کو پلاسٹک بیگز کے استعمال کی حوصلہ شکنی کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے ہمیں کھانے پینے کی چیزوں کے لئے اس کا استعمال بند کر دینا چاہیے۔ اے ڈی سی(آر) عدیل حیدر نے اسسٹنٹ کمشنروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی اپنی تحصیلوں میں تاجروں اور دکانداروں کے ساتھ اجلاس کر کے اس مہم کو آگے بڑھائیں۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے پلاسٹک بیگز کی حوصلہ شکنی کے لیے مختلف سطح پر آگاہی سیشن، سیمینار وغیرہ بھی منعقد کیے جائینگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ اس کاروبار سے منسلک ہیں وہ اپنے کاروبار تبدیل کرکے اورپلاسٹک بیگزکی جگہ کپڑے یا کاغذ کی پروڈکٹ تیار کریں۔ اجلاس میں تاجروں، دکانداروں اور تمام میڈیا پرسنز سے اپنی اپنی سطح پر اس کی تشہیر کرنے اور آگاہی دینے کی اپیل کی گئی۔ ویلیو سپر سٹور کے مالک محمد سعید سدھو اور انجمن تاجران کے جنرل سیکرٹری رانا سلیم الرحمن نے اس سلسلے میں میں اپنا بھرپور تعاون کرنے کی پیشکش کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں