مظفر آباد : آزادکشمیر اور گلگت بلتستان لازوال رشتوں سے منسلک ہیں۔ سیکرٹری اطلاعات، سیاحت و آئی ٹی آزاد کشمیر مدحت شہزاد

مظفر آباد ( نمائندہ خصوصی ) آزاد کشمیر کی سیکرٹری اطلاعات، سیاحت و آئی ٹی محترمہ مدحت شہزاد نے کہا ہے کہ آزادکشمیر اور گلگت بلتستان لازوال رشتوں سے منسلک ہیں۔ ہم گلگت بلتستان کے ساتھ ملکر تعمیر و ترقی کا سفر جاری رکھیں گے۔ صحافی کسی بھی ریاست کی گورننس کی بہتری میں اہم کر دار ادا کرتے ہیں۔ محکمہ اطلاعات صحافیوں کی فلاح وبہبود کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔ گلگت بلتستان اور آزادکشمیر کے صحافیوں کے وفد کے تبادلہ سے ایک دوسرے سے تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔ گلگت بلتستان کی طرح آزادکشمیر میں بھی سیاحت کے شعبہ میں وسیع پوٹیشنل موجود ہے۔ حکومت آزادکشمیرنے سیاحت کے فروغ کے لیے تاریخی اقدامات کیے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز یہاں گلگت بلتستان سے آئے ہوئے صحافیوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر گزشتہ چند سالوں میں محکمہ اطلاعات کو بہترین انداز میں مستحکم کیا ہے اور اسکی استعداد کار میں اضافہ ہوا ہے۔ پریس فاؤنڈیشن کے ذریعے صحافیوں کی فلاح وبہبود کا عمل جاری ہے۔ کورونا وائر س کے دوران صحافیوں کو 1کروڑ روپے کی رقم بطور مالی امداد دی ہے۔ جبکہ سال 2020کے دوران صحافیوں کو مختلف مدات میں 13لاکھ سے زائد مالی مدد کی ہے۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں پریس کلب کی عمارات بھی بنائی جارہی ہیں۔ ہم نے میڈیا پالیسی بنائی ہے۔ سوشل میڈیا کے لیے بھی SOPsبنائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 13ویں آئینی ترمیم کے بعد محکمہ اطلاعات کی اتھارٹی میں اضافہ ہوا ہے۔ ڈیکلریشن کا عمل کشمیر کونسل سے اب محکمہ اطلاعات کو منتقل ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سائبرکرائم کے کنٹرول کے لیے قانون سازی کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت آزادکشمیر کی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ 2019کو سیاحتی سال کے طور پر منایا گیا ہے۔ ہم نے سیاحتی پالیسی بنائی اور ٹور ازم پروموشن ایکٹ اسمبلی سے پاس کروایا۔ پرائیویٹ سیکٹر کو سیاحت کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے لیے زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ پورے آزاد کشمیر میں سیاحتی مقامات کی نشاندہی کر رہے ہیں تاکہ سیاحت کے شعبہ کو فروغ حاصل ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ حکومت آزادکشمیر نے سیاحت کے ساتھ ساتھ آثار قدیمہ پر بھی فوکس کر رکھا ہے۔ اس سلسلہ میں 1قومی اور ایک بین الاقوامی سطح کی کانفرنسز منعقد کروائی گئی ہیں۔ ہم نے بکروال کے حوالہ سے ایک ویب نار بھی کر دیا ہے جس میں پوری دنیا کے بہترین ماہرین کے علاوہ سکردو سے بھی ایک سپیکر کو مدعو کیا گیا۔ آزاد کشمیر میں ایکو ٹور ازم اور ایڈونچر ٹوراز م کو بھی فروغ دیا جارہا ہے۔ صحافیوں کے وفد نے محکمہ اطلاعات آزادکشمیر کی کارکردگی کو سراہا اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ گلگت بلتستان میں بھی اس طرح کا سیٹ اپ قائم ہو۔ دریں اثناء سیکرٹری اطلاعات نے صحافیوں کو تحائف بھی دئیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں