خوشاب : بار اور عدلیہ کو چاہیے کہ وہ غریب اور پسے ہوئے طبقے کی بھرپور قانونی امداد کریں اور انہیں انصاف کی فراہمی میں اپنا اہم کردار ادا کریں ؛ محمد قاسم خان چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ

خوشاب (رپورٹ: راجہ نورالہی عاطف ) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جناب محمد قاسم خان نے کہا ہے کہ بار اور عدلیہ کو چاہیے کہ وہ غریب اور پسے ہوئے طبقے کی بھرپور قانونی امداد کریں اور انہیں انصاف کی فراہمی میں اپنا اہم کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن خوشاب سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر جسٹس لاہور ہائی کورٹ جناب امیر حیدر بھٹی ،جسٹس و ممبر انسپکشن ٹیم فاروق حیدر، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج خوشاب جناب سردار محمد اکرم خان ،پنجاب بار کونسل کے رکن ملک ابرارحسین جسرہ سمیت عدلیہ کے افسران اور بار کے ممبران نے کثیرتعداد میں شرکت کی ۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جناب قاسم خان نے کہا کہ ڈسٹرکٹ بار خوشاب کا شمار پنجاب کی بہترین بار ایسوسی ایشنز میں ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ بار خوشاب اور تمام تحصیلوں کی بارز کی لائبریری کے لیے ‏فنڈز کا اجراء جلد از جلد اجرا کردیا جائے گا جبکہ خوشاب اور قائد آباد جوڈیشل کمپلیکس کے لئے فلٹریشن پلانٹ کی منظوری بھی ہوچکی ہے ۔انشاءاللہ بہت جلد ان کے لیے فنڈز فراہم کر دیے جائیں گے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج خوشاب سردار محمد اکرم خان ،سپریم کورٹ بار کے رکن ملک حیدر عثمان، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن خوشاب کے صدر ملک طاہر رضا بگھور اور جنرل سیکٹری ملک محمد زبیر حیات اتراء نے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ اور دیگر جسٹس صاحبان کو ڈسٹرکٹ بار خوشاب میں آمد پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہا ۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ بار کی طرف سے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جناب محمد قاسم خان و دیگر جسٹس صاحبان اور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج خوشاب سردار محمد اکرم خان کو یادگاری شیلڈز بھی پیش کی گئں۔ جناب چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے سیشن کورٹ جوہرآباد میں سینئر سول جج ایڈمن بلاک جبکہ ڈسٹرکٹ بار کے احاطہ ملک حیات اتراء ایڈوکیٹ کمپلیکس کا بھی افتتاح کیا اور سیشن کورٹ کے احاطے میں پودے بھی لگائے۔ جناب چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کے دورہء خوشاب کے موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خوشاب طارق ولایت کی طرف سے سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں