خوشاب : ڈسٹرکٹ اراضی ریکارڈ سنٹر جوہر آباد میں ماہانہ ریونیو عوامی خدمت کچہری کا انعقاد

خوشاب (رپورٹ : راجہ نورالہی عاطف ) حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں ہر ماہ کی طرح نئے سال جنوری کے دوران ڈسٹرکٹ اراضی ریکارڈ سنٹر جوہر آباد میں ریونیو عوامی خدمت کچہری کا انعقاد ہوا۔ کھلی کچہری میں ڈپٹی کمشنر خوشاب میڈم مسرت جبیں، اے ڈی سی (آر) عدیل حیدر، اے سی خوشاب نعمان محمود، تحصیلدار خوشاب اسلم ضیاء، تمام ریونیو سٹاف اور سائلین و درخواست دہندہ موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر خوشاب مسرت جبیں نے خطاب کرتے ہوئے سائلین سے کہا کہ وہ اپنا کام کروانے کے لئے کسی بھی معاون، ٹاؤٹ مافیا، اشٹام فروش یا منشی وغیرہ کو ساتھ نہ لائیں اور نہ ہی کسی کو اپنے کام کے لئے کوئی رشوت وغیرہ دیں۔ کسی بھی پریشانی کی صورت میں انچارج اراضی ریکارڈ سنٹر یا ضلعی انتظامیہ کے نوٹس میں لائیں۔ انھوں نے کہا کہ کھلی کچہری کے انعقاد کا مقصد آپ کے کاموں کا فوری حل اور شکایات کا ازالہ کرنا ہے کھلی کچہری میں ضلع کے مختلف شہروں، قصبات اور دیہات وغیرہ سے ریونیو ریکارڈ کی درستگی، قبضہ چھڑوانے،ریونیو سٹاف کے خلاف جگہ کا رد و بدل کرنے، بازار میں کھوکھا لگانے کی اجازت، انتقال منسوخی، نالہ کی صفائی، فرد بدرکی نظر ثانی، ڈومیسائل کے حصول اور دیگر متفرق کثیرتعداد میں درخواستیں موصول ہوئیں۔ ڈپٹی کمشنر خوشاب مسرت جبیں نے متعلقہ تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنروں اور تحصیل داروں کو ان کے فوری حل کے لیے احکامات دئیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں