گجرات: گجرات کی سڑکوں کی حالت زار بارے حکومت کو آگاہ کروںگا ؛ صوبائی وزیر

گجرات( رپورٹ: سجیل احمد حمزہ ) صوبائی وزیر پاپولیشن ویلفیئر کرنل (ر) ہاشم ڈوگر نے کہا ہے کہ محکمہ بہبود آبادی کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کیلئے جامع اقدامات اور بھرپور وسائل فراہم کئے جائیں گے، ضلع گجرات میں سڑکوں کی حالت زار بارے حکومت پنجاب کو آگاہ کروں گا اور کوشش کی جائے گی انکی جلدتعمیر و مرمت شروع ہو سکے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کیا، ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفئیر آفیسر حسن خالد نے بریفنگ دی، صوبائی وزیر نے سرائے عالمگیر میں سابق وزیر قانون پنجاب چوہدری محمد فاروق کی برسی کی تقریب میں شرکت کی، سابق ضلعی نائب ناظم میاں ارشد حیات کی وفات پر سوگوار خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا اور اے سی آفس کھاریاں کا دورہ کیا۔ صوبائی وزیرکرنل (ر) ہاشم ڈوگر نے کہا کہ پاپولیشن ویلفیئر کی کارکردگی بہتر بنانے، اسکے دائرہ کار کو وسعت دینے اور اہداف کے حصول کیلئے مزید وسائل فراہم کرنے کیلئے کام کررہے ہیں اسکے ساتھ علما ء کرام کا پروگرام شروع کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے ڈسٹرکٹ پاپولیشن آفس گجرات کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور شہریوں کے مسائل کے حل کیلئے اے سی کھاریاں خالد عباس کی کارکردگی کو بھی سراہا۔ صوبائی وزیر پاپولیشن ویلفئیر کرنل (ر) ہاشم ڈوگر کا کہنا تھا کہ ضلع کے مختلف علاقوں کے دورہ کے موقع پر سڑکوں کی خراب حالت زار علم میں آئی ہے، صورتحال کو متعلقہ فورم پر اٹھایا جائے گا، کوشش ہوگی کہ پہلے مرحلے میں انٹر تحصیل سڑکوں خصوصا کھاریاں ڈنگہ روڈ کی تعمیر جلد شروع ہو سکے۔ اس سے قبل صوبائی وزیر پاپولیشن ویلفیئر کرنل (ر) ہاشم ڈوگر نے سابق صوبائی وزیر چوہدری محمد فاروق کی سیاسی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور سابق وزیر اعلی پنجاب میاں افضل حیات مرحوم اور ایم پی اے میاں اختر حیات کے بھائی میاں ارشد حیات کی مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں