گجرات: گجرات کے تین بڑے قصبوں میں دیہی مراکز مال قائم

گجرات ( رپورٹ: سجیل احمد حمزہ ) حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق ضلع کے تین بڑے قصبوں میں دیہی مراکز مال قائم کر دیے گئے ہیں، پہلے مرحلے میں علاقہ کے زمیندار ان ان مراکز سے فرد ملکیت حاصل کر سکیں گے جبکہ دوسرے مرحلے میں انتقالات اراضی کی تصدیق، ریونیو واجبات جمع کرانے کی سہولت بھی فراہم کر دی جائے گی، ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے دیہی مرکز مال دندی بیسہ تحصیل سرائے عالمگیر کے افتتاح کے موقع پر کیا، ریونیو آفیسر محمد افضل و دیگر افسران اور اہل علاقہ بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے بتایا کہ دیہی مرکز مال دندی بیسہ کیلئے علاقہ میں موجود سرکاری عمارت کی تزئین و آرائش کی گئی ہے، ابتدائی طور پر ماڈل بلڈنگ میں قائم مرکز مال سے ارد گرد کے 19دیہات کے اراضی مالکان فرد ملکیت حاصل کر سکیں گے جبکہ آئندہ دس دن میں یہاں انتقالات کی تصدیق بھی شروع کر دی جائے گی اس کیلئے متعلقہ ریونیو افسران مقررہ ایام میں ڈیوٹی دیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب کے واجبات بھی ایزی پیسہ کے ذریعے مرکز مال پر ادا کئے جاسکیں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ تحصیل گجرات میں اس نوعیت کا مرکز مال کڑیانوالہ جبکہ تحصیل کھاریاں میں کوٹلہ ارب علی خاں میں قائم کیا گیا ہے، ان مراکز مال کے قیام کے بعد اہل علاقہ کو زمینوں، انتقالات اور ادائیگی واجبات کے لئے تحصیل ہیڈ کوارٹرز نہیں جانا پڑے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں