مظفر آباد : سوشل میڈیا عصر حاضر کا طاقتور ہتھیار ہےآزادکشمیر میں جس تعداد میں نوجوان مسلم لیگ ن کے ساتھ ہیں اتنی تعداد میں پاکستان بھر میں کسی اور جگہ نہیں ہیں۔راجہ محمد فاروق حیدر خان

مظفر آباد ( نمائندہ خصوصی ) وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر و صدر مسلم لیگ ن راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے جوانوں کا جذبہ کامیابی کی دلیل ہے ۔ نوجوان سوشل میڈیا کے ذریعے تحریک آزادی کشمیر میں اپنا بھرپور حصہ ڈالیں ، نوجوانوں نے آزادکشمیر کا وجود بھی برقرار رکھنا ہے پاکستان کے ساتھ نظریاتی تعلق بھی۔سوشل میڈیا عصر حاضر کا طاقتور ہتھیار ہے ۔آزادکشمیر میں جس تعداد میں نوجوان مسلم لیگ ن کے ساتھ ہیں اتنی تعداد میں پاکستان بھر میں کسی اور جگہ نہیں ۔ مسلم لیگ ن نے آزادکشمیر میں2010کے بعد پانچ سالوں میں وہ مقام حاصل کیا جو کوئی اور جماعت حاصل نہیں کر سکی ۔ انفرادیت کو ختم کرتے ہوئے اجتماعیت کو فرو غ دیں ۔ کشمیریوں کا پاکستان کے ساتھ نظریاتی تعلق ہے جس کی بنیاد مسلم لیگ ہے ۔ قائد اعظم جون1944میں سرینگر آئے تو اس وقت قائد اعظم کے ساتھ کشمیریوں نے اپنا تعلق قائم کیا جس کو آج بھی نبھا رہے ہیں ۔ مسلم لیگ ن آزادکشمیر کی حکومت نے میاں نواز شریف کی بھرپور سرپرستی اور رہنمائی حاصل رہی ۔ ہم نے جو کام کیے ان کی تشہیر کےلئے چھ ماہ بھی بہت کم ہیں ۔ ہمارے اقدامات کی تعریف اپوزیشن نے بھی کی۔ ہم نے اللہ کے فضل و کرم سے حقدار کا اس کا حق دیا ۔حکومت بنانے کے بعد تین اہداف تحریک آزادی کشمیر ، گڈگورننس اور تعمیر ترقی مقرر کیے اور ان کے مطابق کام کیا۔ سوشل میڈیا عوام کی رائے بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے ۔ ہجوم سے نہیں نظم و ضبط سے کام کریں ۔ دنیا تک اپنی بات پہنچانے کا بہترین ذریعہ سوشل میڈیا ہے ۔ آج بانی پاکستان حضرت قائد اعظم محمد علی جناح کا یوم ولادت ہے اور ان کے سیاسی جانشین محمد نواز شریف کا بھی ۔ کرسمس کے موقع پر مسیحی برداری کو بھی مبارکباد دیتے ہیں ۔ مسلم لیگ ن کی یوتھ اور ایم ایس ایف این نے اپنی حکومت کے تاریخی اقدامات عوام تک پہنچانے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار صدرمسلم لیگ ن راجہ محمد فاروق حیدرخان نے مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے سوشل میڈیا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سوشل میڈیا کنونشن سے سیکرٹری جنرل مسلم لیگ ن و سپیکر اسمبلی شاہ غلام قادر اور مسلم لیگ ن کے مرکزی سوشل میڈیا ہیڈ عاطف روﺅف نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق ، وزیر صحت ڈاکٹر نجیب نقی ، وزیر صنعت و تجارت محترمہ نورین عاف، وزیر اطلاعات مشتا ق منہاس ، بیرسٹرافتخار گیلانی ، وزیر آئی ٹی ڈاکٹر مصطفی بشیر، وزیر مال سردار فاروق سکندر، ڈپٹی سپیکر سردار عامر الطاف، ممبر اسمبلی سحر ش قمر، راجہ امداد علی طارق اور مرکزی رابطہ سیکرٹری مسلم لیگ ن ملک ذوالفقار سمیت دیگر لیگی رہنما موجود تھے ۔ راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہاکہ مسلم لیگ ن کے سوشل میڈیا ہیڈ عاطف روﺅف کا شکرگزار ہوں ۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان آزادکشمیر کی تعمیر وترقی کے حوالے سے پروپیگنڈا کرتا ہے ہم نے اس کا موثر جواب دینا ہے ۔نوجوان سوشل میڈیا پر اپنی حکومت کے اقدامات کی بھرپور تشہیر کریں اور مظلوم ومحکوم کشمیریوں کی آواز کو دنیا تک پہنچائیں ۔ سوشل میڈیا مقبوضہ کشمیر اور ہندوستان سمیت دنیا بھر میں دیکھا جاتا ہے ۔ خواتین بھی سوشل میڈیا پر اپنا بھرپور حصہ ڈالیں ۔ میڈیا کو مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم نظر نہیں آتے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے جوانوں کا بھی شکرگزار ہوں جو ہمیشہ جماعت کے ساتھ کھڑے رہے ہیں ۔ صدر مسلم لیگ نے کہا کہ سوشل میڈیا کی پہلے مرحلے میں ممبر شپ اس کے بعد حلقہ وائز ، ضلع وائز اور پھر مرکز میں تنظیم بنائی جائے گی ۔ مسلم لیگ ن کے کارکنان سوشل میڈیا پر شائستگی کے ساتھ بات کریں ، آپ کے سیاسی مخالفین کے پاس دکھانے کےلئے کچھ نہیں ، لیگی جوانوں کے پاس دکھانے کےلئے بہت کچھ ہے جو ان کی حکومت نے 2016کے بعد اقتدار میں آکر کیا ہے ۔ سوشل میڈیا پر متحرک لیگی کارکنان کو حکومت کی سیکٹر وائز کارکردگی فراہم کرینگے ، نوجوان اس کی بھرپور تشہیر کریں۔ انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت نے ایسے لوگوں کوبھی ان کا حق دیا جو سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ بغیر سفارش وہ اس جگہ پر تعینات ہو سکتے ہیں لیکن ہم نے یہ کر کے دکھایا ہے ۔ایسی مثال کسی اور جگہ نہیںملتی۔ ہم نے اللہ کے فضل و کرم سے وہ کام کیے جو کسی اور کے حصے میں نہیں آئے ۔ میاں نواز شریف جب 2016میں آزادکشمیر آئے تو ان کے ساتھ آزادکشمیر کے مسائل پر بات کی اور انہوں نے اپنے عرصہ اقتدار میں آزادکشمیر کا ترقیاتی بجٹ بڑھانے کے ساتھ ساتھ ہمارے کئی دھائیوں سے زیر التوا مسائل بھی حل کیے جس پر ان کے شکرگزار ہیں ۔ اس کام میں شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل کا بھی بڑا کردار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں ۔ ہم نے آزادکشمیر کی تعمیر وترقی اور عوام کی مشکلات کم کرنے کےلئے کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے ۔ جو کام مسلم لیگ ن آزادکشمیر کی حکومت نے کیے وہ سب کے سامنے ہیں ۔ صرف شاہرات کی تعمیر پر40ارب سے زائد خرچ ہوئے اور بھمبر سے لیکر تاﺅ بٹ اور حویلی تک ہمارا کام زمین پر دیکھا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے میڈیکل کالجزبناکر ان کو ترقیاتی سکیم میں ڈال دیا جن کو ہم نے نارمل بجٹ پر لایا ۔ صحت کے شعبہ میں ہماری حکومت نے شاندا ر کارکردگی دکھائی ، فری ہیلتھ ایمرجنسی سروسز کے ساتھ ساتھ مظفرآباد اور باغ میں امراض قلب کے ہسپتال اور میرپور نرسنگ ہسپتال ہماری حکومت نے بنایا۔ کورونا وباءکے دوران ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے پاکستان بھر میں آزادکشمیر حکومت کی کارکردگی کو سب سے بہتر اور تسلی بخش قرار دیا۔ انہوں نے کہاکہ جب ہائیکورٹ میں ججز کی تعداد بڑھائی تو ہمارے سیاسی مخالفین نے بھی اس اقدام کی بھرپور تعریف کی۔ انہوں نے کہاکہ جب بھی بیرون ممالک گیا وہاں پر لوگوں نے حکومتی کارکردگی اور اصلاحات پر مبارکباد دی۔ یہ سب جماعتی کارکنان کی بھرپور حمایت اور وابستگی کی وجہ سے ہوا۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے اقتدار میں آکر آئینی اصلاحات کیں جو کہ بہت مشکل کام تھا لیکن اللہ کے فضل وکرم سے ہم نے یہ کر کے دکھا یا۔ ہماری حکومت نے بہترین قانون سازی بھی کی۔ ختم نبوت کو آزادکشمیر کے آئین کا حصہ بنایا۔ ایسا قانون بنایا کہ اب کوئی طاقتور کسی کمزور کی زمین پر قبضہ نہیں کر سکے گا ، جو بچوں کے ساتھ زیادتی کرے گا اس کو پہلے مرحلے میں ہی سزائے موت ہوگی ۔ کونشن کے اختتام پربانی پاکستان حضرت قائد اعظم محمد علی جناح کے یو ولادت اور قائد مسلم لیگ ن محمد نواز شریف کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیاجبکہ شہداءافواج پاکستان ، شہداءتحریک آزادی کشمیر ودیگر کےلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں