لاہور: کورونا وبا ، عالمی فضائی آپریشن کی کمی کی وجہ سے سول ایوی ایشن اتھارٹی کو اب تک30 ارب روپے سے زائد کا خسارہ

کورونا وبا سے قبل یومیہ ایک ہزار سے زائد پروازیں پاکستان کی فضائی حدود سے گزرتی تھیں فوٹو: فائل

لاہور(نمائندہ خصوصی) کورونا وبا کے دوران عالمی فضائی آپریشن کی کمی کی وجہ سے سول ایوی ایشن اتھارٹی کو اب تک30 ارب روپے سے زائد کا خسارہ ہوچکا ہے۔

کورونا وبا کی وجہ سے عالمی فضائی آپریشن کی بندش اور کمی کی وجہ سے سول ایوی ایشن اتھارٹی کو یومیہ 20 کروڑ روپے کا نقصان ہورہا ہے۔ سی اے اے کو 4 ماہ کے دوران 15 جولائی تک ایئروناٹیکل چارجز کی مد میں 28 ارب روپے کا نقصان ہوا ہے جب کہ مجموعی طور پر ادارے کا خسارہ 30 ارب 50کروڑ روپے سے تجاوز کرگیا ہے۔ سی اے اے کو عالمی پروازوں کی مکمل بحالی تک ہر ہفتے مزید ایک ارب 20 کروڑ روپے سے زائد کے نقصان کا سامنا ہے۔سینیئر جوائنٹ سیکریٹری ایوی ایشن ڈویژن عبدالستار کھوکھر کے مطابق دنیا بھر کی طرح ملک کی ہوا بازی کی صنعت بھی متاثر ہے، یومیہ ایک ہزار سے زائد پروازیں پاکستان کی فضائی حدود سے گزرتی تھیں جو اب صرف 22 سے 25 فیصد رہ گئی ہیں جبکہ اوور فلائنگ کم ہو نے سے فی فلائٹ پر ایک ہزار ڈالر کا نقصان ہورہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں