گجرات : انتہائی خطرناک اشتہاری مجرم پولیس مقابلے میں ہلاک

گجرات ( نمائندہ خصوصی )گجرات پولیس تھانہ کڑیانوالہ کی بڑی کارروائی!انتہائی خطرناک مجرم اشتہاری، بین الاضلاعی گینگ کا کارندہ پولیس مقابلے میں اپنے منطقی انجام کو پہنچ گیا ،تفصیلات کے مطابق تھانہ کڑیانوالہ پولیس کا اطلاع ملی کہ خطرناک مجرم اشتہاری عمران اصغر ولد محمد اصغر ساکن ڈوڈے اور نثار احمد ولد اصغر حسین ساکن شیخ پور تھانہ موترہ (ضلع سیالکوٹ)کے علاقہ میں کرائے پر مکان حاصل کرکے رہ رہے ہیں۔ جس پر ایس ایچ او تھانہ کڑیانوالہ راجہ احسان اللہ کی سربراہی میں SIافضال بیگ اور دیگر ملازمین نے مجرمان اشتہاریوں کی گرفتاری کے لئے تھانہ موترہ کے علاقہ میں ریڈ کیا۔ جو مجرمان اشتہاری اپنے دیگر تین نامعلوم ساتھیوں کے ہمراہ مذکورہ مکان سے قریبی کھیتوں کی طرف بھاگ گئے،جن کا پولیس پارٹی نے تعاقب کیا۔ تعاقب کرنے پر اشتہاریوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کردی، جس کے نتیجے میں اشتہاری عمران اصغراپنے ساتھیو ں کی فائرنگ سے موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جبکہ دیگر اشتہاری فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہوگئے۔ہلاک ہونے والے اشتہاری عمران اصغر کے خلاف قبل ازیں گوجرانوالہ،سیالکوٹ اور گجرات کے مختلف تھانوں میں ڈکیتی،راہزنی اور چوری سمیت 10مقدمات درج ہیں۔ جس نے دوران واردات متعدد افراد کو زخمی بھی کیا تھا۔پولیس نے فرار ہونے والے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے ان کی گرفتاری کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔ ڈی پی او گجرات عمر سلامت نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ اشتہاریوں کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری رہے گا۔ مجرمان اشتہاری جتنے بھی چالاک کیوں نہ ہوں وہ قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے۔قانون شکن عناصر کسی رعائیت کے مستحق نہ ہیں،ایسے عناصر کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں