خوشاب : وطن عزیز پاکستان میں بسنے والے مسیحی ہمارے بہن بھائی ہیں ان کے مسائل کے حل اور ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے ہمیں عملی اقدامات اٹھانا ہونگے ؛ آمنہ ملک

خوشاب (رپورٹ : راجہ نورالہی عاطف ) کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کی خوشیوں میں شامل ہو کر نہ صرف ان کی خوشیوں کو دوبالا کیا جا سکتا ہے بلکہ ہمارا قومی فریضہ بھی ہے۔ وطن عزیز پاکستان میں بسنے والے مسیحی ہمارے بہن بھائی ہیں ان کے مسائل کے حل اور ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے ہمیں عملی اقدامات اٹھانا ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف شعبہ ء خواتین و کوپیئر صدر ڈسٹرکٹ خوشاب محترمہ آمنہ ملک نے الاعوان ٹاؤن جوہرآباد کے چرچ میں کرسمس کے حوالے سے مسیحی برادری میں کرسمس گفٹ اور بچوں میں سکولز بیگ تقسیم کرنےکی تقریب سے خطاب کر تے ہوءے کیا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی ضلع خوشاب کی نائب صدر محترمہ شکیلہ اعوان‘ ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر خوشاب ملک امتیازاحمد مانگٹ‘ سردار نذر حیات بلوچ‘ پاسٹر شکیل کھوکھر‘ ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر اقلیتی ونگ تحریک انصاف خوشاب چوہدری ارشد سدھو‘ میڈیا کوارڈنیٹر کامران بھٹی سمیت مسیحی افراد کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر محترمہ آمنہ ملک نے کہا پاکستان میں تمام اقلتیوں کے حقوق یکساں ہیں۔ مذہبی عبادات اور رسومات کی ادائیگی میں مکمل آزادی حاصل ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر خوشاب میڈم مسرت جبیں نے کہا کہ مسیحی برادری کا ملکی تعمیرو ترقی میں یکساں کردار ہے۔ کرسمس کے موقع پر ان کی خوشیوں میں شامل ہونا ہماری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی وقت کا تقاضا ہے۔ پاکستان میں رہنے والے تمام مذاہب کے پیرو کار معاشرے میں امن‘ بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ خوشاب کرسمس کے موقع پر کرسچیئن برادری کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کیلئے ان کیساتھ شامل ہے بلکہ گرجا گھروں اور مسیحی علاقوں میں صفائی اور سیکورٹی کے فول پروف انتظامات بھی کر رہی ہے۔ بعد ازاں محترمہ آمنہ ملک اور ڈی سی خوشاب میڈم مسرت جبیں نے خواتین میں کرسمس گفٹ اور بچوں میں سکولز بیگ بھی تقسیم کئے۔ قبل ازیں ڈی سی خوشاب مسرت جبیں اور محترمہ آمنہ ملک نے کرسمس کا کیک بھی کاٹا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں