راولپنڈی : اے ایس ایف ٹرینیز کی تربیت سے ہوا بازی کے تحفظ کے معیار میں اضافہ ہوگا، آرمی چیف

آرمی چیف کا ہیڈ کوارٹرز سندھ رینجرز کا بھی دورہ، کراچی میں امن برقرار ر کھنے میں رینجرز کی قربانیوں کوسراہا . فوٹو : فائل

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ اے ایس ایف ٹرینیز کی تربیت سے ہوا بازی کے تحفظ کےمعیار میں اضافہ ہوگا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے اے ایس ایف اکیڈمی میں 48 بیسک ایوی ایشن سیکیورٹی کورس پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت کی، آرمی چیف کا اکیڈمی میں ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل ظفر الحق نے استقبال کیا، حاضر سروس، ریٹائرڈ عہدیداروں اور پاسنگ آوٴٹ ٹرینیز کے اہل خانہ کی بڑی تعداد نے پریڈ کا مشاہدہ کیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اے ایس ایف ٹرینیز کی تربیت سے ہوا بازی کے تحفظ کے معیار میں اضافہ ہوگا۔ آرمی چیف نے اے ایس ایف ٹرینیز کی تربیت اور کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور فورس میں خواتین کی شرکت کو بھی سراہا۔ انہوں نے ٹرینیز اور ان کے اہل خانہ کو مبارکباد پیش کیں اور پوزیشن حاصل کرنے والوں میں انعامات تقسیم کیے۔ بعد ازاں آرمی چیف نے ہیڈ کوارٹرز پاکستان رینجرز سندھ کا بھی دورہ کیا جہاں میجرجنرل عمر احمد بخاری نے ان کا استقبال کیا۔ آرمی چیف نے کراچی میں امن و استحکام برقرار رکھنے میں سندھ رینجرز کے تعاون کو سراہا اور ان کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ آرمی چیف نے یاد گار شہدا پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں