خوشاب : کھلی کچہریوں کے انعقاد کا مقصد عوام کو سستا اور فوری انصاف ان کی دہلیز پر پہنچانا ہے ؛ سعید اللہ خان ڈی ایس پی نورپورتھل

خوشاب (رپورٹ : راجہ نورالہی عاطف ) ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس تحصیل نور پور تھل سعید اللہ خان نے کہا ہے کہ کھلی کچہریوں کے انعقاد کا مقصد عوام کو سستا اور فوری انصاف ان کی دہلیز پر پہنچانا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تھانہ نورپورتھل میں منعقدہ کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ایس ایچ او تھانہ نورپورتھل ملک حبیب نواز اعوان، اس ایچ او تھانہ جوڑا کلاں محمد محسن اور ایکس پریذیڈنٹ تحصیل بار ایسوسی ایشن نور پور تھل ملک محمد دین دھپڑا بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ ڈی ایس پی نے کہا کہ ڈی پی او خوشاب کیپٹن ریٹائرڈ طارق ولایت کی ہدایت پر عوامی ریلیف کے لئے کھلی کچہریوں کا انعقاد تواتر سے کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ میرٹ کا بول بالا، سماج دشمن عناصر کی بیخ کنی ،امن و امان کا قیام، عوام کا تحفظ، ظالم کو کیفرِ کردار تک پہنچانا اور مظلوم کی داد رسی میری ترجیحات میں شامل ہے_ سعید اللہ خان نے کہا کہ انشاءاللہ اس حوالے سے ہرگز کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تحصیل بھر میں کھلی کچہریوں کا انعقاد باقاعدگی سے جاری رہے گا۔ ڈی ایس پی نے کہا کہ میرے دفتر کے دروازے ہر وقت عوام کے لئے کھلے ہیں۔ ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ اس موقع پر مختلف علاقوں سے آئے ہوئے سائلان نے اپنے اپنے مسائل پیش کیے۔ سعید اللہ نے موقع پر ہی ان کے حل کے لیے متعلقہ پولیس آفیسرز کو ضروری ہدایات جاری کیں ۔ کھلی کچہری میں ڈی ایس پی آفس نورپورتھل کے ریڈر ملک احمدخان دھت ،محرر تھانہ نورپورتھل ملک حاجی عبدالروف اتراء، سیکورٹی انچارج تھانہ نور پور تھل ملک سکندر حیات اتراء ،اے ایس آئی ملک عالمشیر اور ڈی ایس پی آفس کے شیخ سمیع اللہ بقاء سمیت دیگر شہریوں نے بھی شرکت کی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں