40

یوم آزادی پاکستان کی مناسبت سے پاکستان یونین ناروے نے اوسلو میں شاندار تقریب کا انعقاد کیااوسلو

پاکستان یونین ناروے نے یوم آزادی پاکستان کی مناسبت سے گذشتہ روز ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا۔ پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمراقبال کی صدارت میں منعقد ہونے والی اس پروقار تقریب کے مہمان خصوصی کمیونٹی ویلفیئراتاشی سفارتخانہ پاکستان آصف حمید تھے۔ تقریب میں صدارتی ایوارڈ یافتہ شاعرو ادیب (صاحب تمغہ امتیاز) جمشید مسرور نے بھی بطور مہمان خاص شرکت کی۔ دیگر معزز مہمانوں میں خاتون صحافی اور مصنفہ سیدہ کوثر شرقپوری بھی شامل تھیں جو تقریب میں شرکت کے لیے لندن (برطانیہ) سے تشریف لائیں۔ تقریب دوحصوں میں منعقد ہوئی۔ پہلے حصے میں پاکستان کی تاریخ اور پاکستان کے حالات پر مقررین نے روشنی ڈالی اور دوسرا حصہ مصنفہ کوثر شرقپوری کی کتاب ’’عشق لاہوتی‘‘ کی رونمائی پر مشتمل تھا۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کی سعادت حافظ اسجد محمود نے حاصل کی۔ تقریب میں ناروے کے معروف نعت خواں عبدالمنان نے اپنی خوبصورت آواز میں عارفانہ کلام پیش کیا۔ نظامت کے فرائض ممتاز ادبی شخصیت اور دانشور شاہ رخ سہیل، ثقافتی شخصیت شہزاد غفور اور سماجی شخصیت وقار انصر نے انجام دیئے۔ تقریب کے ابتدائی مرحلے میں پاکستان اور ناروے کے قومی ترانے پیش کئے گئے۔ اس کے بعد ایک دستاویزی فلم دکھائی گئی جس میں حالیہ دنوں بلوچستان میں سیلاب کے دوران فوجی ہیلی کوپٹر کے حادثے میں شہید ہونے والے پاکستان کے عظیم سپوت کورکمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اور دیگر شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ تقریب کے شرکاء نے کھڑے ہوکر شہداء کے ساتھ اپنی عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔ تقریب کے دوران پاکستان یونین ناروے کا روایتی نغمہ پیش کیا گیا جبکہ بعدازاں سیاحتی امور سے گہری دلچسپی رکھنے والے ہونہار پاکستانی نوجوان مبین الرحمان کی پاکستان میں سیاحت پر بنی ہوئی دستاویزی فلم پیش کی گئی۔ فلم پاکستان کے تاریخی اور سیاحتی مقامات کی اہمیت کے بارے بتایاگیا اور اس حوالے سے مفید پیغام دیا گیا۔ تقریب سے اپنے خطاب میں سینئرصحافی اور روزنامہ ڈٓان کے نمائندہ وسیم اشرف بٹ نے اس کامیاب تقریب کے انعقاد پر پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمراقبال اور یونین کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے تقریب کے شرکاء کو خوشخبری سناتے ہوئے بتایاکہ ضلع گجرات کو ڈویژن کا درجہ دے دیا گیا ہے جس کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ شرکاء نے تالیاں بجاکر حکومت کے اس اقدام کا خیرمقدم کیا۔ وسیم اشرف بٹ نے یوم آزادی پاکستان کے حوالے سے بات کی کہ کس طرح گرانبہا قربانیاں دے کر یہ ملک حاصل کیا گیا۔ وسیم اشرف بٹ نے مزید کہاکہ انہیں پاکستان یونین ناروے کی تقریبات میں ہمیشہ سنجیدگی نظر آتی ہے۔ اس بار بھی ادبی محفل تقریب کا حصہ ہے جو ایک خوش آئند بات ہے۔ انہوں نے پاکستان یونین ناروے کی طرف سے فلاحی کاموں میں شمولیت کو بھی سراہا خاص طور پر انہوں نے چند سال پہلے کڈنی سنٹر گجرات کے لیے فنڈریزنگ کرنے پر پاکستان یونین ناروے کے اقدام کو قابل ستائش قرار دیا۔ انہوں نے کہاکہ یہ پاکستان یونین ناروے کو اعزاز حاصل ہے کہ اس نے پہلی بار کڈنی سنٹر کا تعارف کروایا اور اس کے فنڈریزنگ کی۔ کیمونٹی ویلفیئراتاشی آصف حمید نے بھی یوم آزادی پاکستان کے حوالے سے خطاب کیا اور تقریب کے شرکاء کو یوم آزادی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے تقریب میں مدعو کرنے پر پاکستان یونین ناروے کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس شاندار تقریب کے انعقاد پر چوہدری قمراقبال اور یونین کی ٹیم کو مبارکباد بھی پیش کی۔ انہوں نے نارویجن پاکستانی کمیونٹی کے لیے پاکستان یونین ناروے کی خدمات کو بھی سراہا۔آصف حمید نے پاکستان کی تاریخ اور موجودہ حالات کے بارے میں بتایاکہ پاکستان کو اپنے وجود سے لے کر ابتک کافی مشکلات کا سامنارہاہے، تین جنگیں اور طویل عرصے سے دہشت گردی کے خلاف لڑ رہا ہے۔ یہ ملک اسلام کے نام پر معرض وجود میں آیا، پاکستان آج قائم و دائم ہے اور قیامت تک قائم رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان دنیا کی پہلی مسلمان ایٹمی طاقت ہے، ہماری فوج دنیا کی بہترین افواج میں شمارکی جاتی ہے۔ ہمارے ہاں ایدھی ویلفیئر ٹرسٹ جیسے ادارے ہیں جن کے پاس دنیا کا سب سے بڑا ایمبولینس نیٹ ورک ہے۔ پاکستان کو اب بھی بہت مسائل اور مشکلات کا سامنا ہے لیکن پاکستان ان مسائل پر قابو پالے گا۔ پاکستان ترقی کرتا رہے گا اور ایک دن پاکستان ترقی یافتہ ملکوں کی فہرست میں شامل ہوجائے گا، انشاء اللہ۔ کمیونٹی ویلفیئراتاشی کو پاکستان یونین ناروے کی طرف سے پھول پیش کئے گئے۔پاکستان یونین ناروے کی طرف سے گرانقدر صحافتی خدمات پر گجرات پریس کلب کے سابق صدر محمود اختر کو خصوصی ایوارڈ پیش کیا گیا۔ پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمراقبال نے تقریب کے تمام شرکاء بشمول مہمانان خصوصی کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہاکہ ہم اپنی سابقہ روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اس سال بھی ۷۵ واں یوم آزادی منا رہے ہیں۔ آپ سب لوگ قائداعظم کی قیادت میں پاکستان کے لیے تاریخی جدوجہد سے بخوبی آگاہ ہیں۔ محمد علی جناح اور ان کے مخلص ساتھیوں کی انتھک جدوجہد اور برصغیر کے مسلمانوں کی عظیم قربانیوں کے نتیجے میں پاکستان معرض وجود میں آیا۔ اس پرمسرت موقع پر میں بانی پاکستان قائداعظم سمیت جدوجہد پاکستان کے تمام عظیم رہنماؤوں، ملت کے تمام شہیددوں اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ چوہدری قمراقبال نے کہاکہ پاکستان یونین ناروے کا مفصل طور پر تعارف تقریب کے سٹیج سیکرٹری جناب شاہ رخ سہیل نے بتادیا ہے۔ میں اپنی کمیونٹی کا شکریہ ادا کرتا ہوں جس نے اس تقریب میں بھرپور شرکت کرکے اسے رونق بخشی۔ میں سفارتخانہ پاکستان کے تعاون اور خاص طور پر کمیونٹی ویلفیئر اتاشی جناب آصف حمید کا شکرگزار ہوں جو ہماری دعوت پر تقریب میں تشریف لائے۔ چوہدری قمراقبال نے بتایاکہ ناروے میں سفارتخانہ نے جب بھی ہمیں کہا، پاکستان یونین ناروے نے اوسلو میں سفارتخانہ پاکستان سے تعاون کیا۔ ہم بھی سفارتخانہ سے متعلق کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لیے تعاون پر سفارتخانہ پاکستان کے شکرگزار ہیں۔ پاکستان یونین ناروے کی درخواست پر سفارتخانہ نے اب ہفتے کی چھٹیوں (ویک انڈ) کے دوران بھی ایمرجنسی ویزا جاری کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ امید ہے کہ ہمارا یہ باہمی تعاون آئندہ بھی جاری رہے گا۔ چیئرمین پاکستان یونین ناروے نے کامیاب تقریب کے انعقاد اور سارا سال مختلف پروگراموں کے انعقاد کے لیے پاکستان یونین ناروے کی پوری ٹیم کا بھی شکریہ ادا کیا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہاکہ رفیق دھکڑ اور صوفی ملازم حسین دھکڑ ہماری ٹیم کا بہت اہم حصہ تھے جو اب اس دنیا میں نہیں رہے۔چوہدری قمراقبال نے ملک محمد پرویز(انفارمیشن سیکرٹری، پاکستان یونین ناروے)، یونین کے دیگر معزز اراکین سید ذکی شاہ، منشاخان، اکرم سیکریالی، اصغر دھکڑ، میرناصر، غلام سرور، میاں بشیرحسین، طاہرمحمود، وقارانصر، شیخ فوادانور، شاہد حسین، ندیم رشید، تنویراحمد، شاہد منیر، اخترعلی، اقبال احمد، احسان حیدر، عمران خان، شاہد فاروق، فیصل دھکڑ، کاشف محمود اور عاطف محمود اور نوید خاور اور ڈاکٹر سید جمیل طلعت اور دیگر دوستوں کے تعاون کا بھی شکریہ ادا کیا۔ چیئرمین یونین ناروے نے خاص طور پر بین الاقوامی تعلقات کے استاد و محقق ڈاکٹر سید سبطین شاہ، قانونی امور کے ماہرعظمت فاروق ساہی ایڈوکیٹ اور سیاحتی امور میں دلچسپی رکھنے والے ہونہار پاکستانی نوجوان مبین الرحمان کے تعاون بھی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے سینئر صحافی وسیم اشرف بٹ (نمائندہ روزنامہ ڈان گجرات)، محمود اختر (سابقہ صدر پریس کلب گجرات)، میاں محمد صفدر(چیف ایڈیٹر پاک۔ناروے ٹائمز)، افضال طاہر (سینئرصحافی آف لالہ موسی)، عارف علی عارف (چیف ایڈیٹر روزنامہ جذبہ ڈان کام)، مدثر اقبال (نمائندہ روزنامہ ڈاک، راجہ عمران راشد (نمائندہ دنیا نیوز ٹی وی گجرات)، ایڈوکیٹ محمد کاشف فاروق (پاکستان یونین ناروے کے قانونی مشیر)، خاور (کھاریاں سے ایک مہمان) اور محمد عباس فلکی (پاکستان یونین ناروے کے پروگرام کوآرڈی نیٹر) کے تعاون پر انہیں سراہا اور ان سے اظہار تشکر کیا۔ تقریب کے دوسرے حصے میں لندن سے تشریف لانے والی مہمان مصنفہ کوثر شرقپوری کی کتاب ’عشق لاہوتی‘‘ کی تقریب رونمائی ہوئی۔ اس موقع پر جن ادبی شخصیات نے اپنے خیالات کا اظہار کیا ان میں ممتازشاعر جمشید مسرور، کوثر شرقپوری، ڈاکٹر سید ندیم حسین، محمد ادریس لاہوری، مینا جی اور راجہ عمران شامل تھے۔ اس موقع پر کوثرشرقپوری کو پھول پیش کئے گئے۔ تقریب کے اس حصے کی صدارت جمشید مسرور نے کی جبکہ اس موقع پر پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمراقبال اور کمیونٹی ویلفیئراتاشی آصف حمید بھی موجود تھے۔ اس دوران مہمان مصنفہ نے کتاب ’’عشق لاہوتی‘‘ کو اپنے دستخطوں کے ساتھ مہمانوں کو فرداً فرداً پیش کیا۔ تقریب کے شرکاء نے پروگرام کے بہترین انتظامات پر میزبانوں کو سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں