29

پنجابی فلم فاؤ نڈیشن کینیڈا کا وفد کے ہمراہ ظہور پیلس گجرات کا دورہ کیا


گجرات ( رمشاء منیر )پنجابی فلم فاؤ نڈیشن کینیڈا کے سربراہ جسبیر سنگھ بوپارائے نے وفد کے ہمراہ ظہور پیلس گجرات کا دورہ کیا،ترجمان ظہور پیلس حمید اللہ بھٹی نے وفد کا ہار پہنا کراستقبال کیا،صدر گجرات پریس کلب ملک شفقت اعوان نے خصوصی دعوت پر ظہور پیلس میں سکھوں کے وفد سے ملاقات کی، جسبیر سنگھ بو پارائے نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان بہت خوبصورت ملک ہے اور یہاں کے لوگ بھی بہت محبت کرنے والے ہیں انہوں نے کہا کہ چوہدری برادران سے خصوصی تعلق ہے اور جب بھی ہم پاکستان آتے ہیں چوہدری شجاعت حسین سے ملاقاتیں کرتے ہیں،چوہدری ظہور الٰہی پنجاب کی دھرتی کا بڑا نام ہے اس لئے ان کی عقیدت میں گجرات آتے ہیں،چوہدری برادران سے ہمارا عقیدت کا رشتہ ہمیشہ قائم رہے گا، انہوں نے کہا کہ چوہدری برادران کا نہ صرف پاکستان کی سیاست بلکہ پاکستان کی ترقی میں بہت اہم کردار ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجابی زبان کے فروغ کے لئے اقدامات کر رہے ہیں اس سال 2ستمبر کو کینیڈا میں پنجابی زبان کے فروغ کے لئے سیمینار منعقد کر نے جا رہے ہیں،اس سیمینار میں دنیا بھر سے لوگ شرکت کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے سکھوں سے کہوں گا کہ پاکستان کا دورہ ضرور کریں اور کرتا پور عبادت گاہ کا درشن ضرور کریں۔ صدر گجرات پریس کلب ملک شفقت اعوان نے اس موقع پر کہا کہ سکھ برادری پنجابی زبان کے فروغ کیلئے جو اقدامات کر رہی ہے وہ قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انڈیا اور پاکستان کے عوام کو چاہیے کہ دونوں ممالک کے درمیان دشمنی کو ختم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ اس سے دونوں ممالک کی عوام کے درمیان نہ صرف محبت بڑھے گی بلکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں بھی اضافہ ہو گا اور دونوں ممالک کے عوام خوشحال ہوں گے وفد میں امرجیت کور، اوتار سنگھ، پلوندر کور، گورمیت کور، نریندر جیت کور، درشن کور، کلونت سنگھ مان، سُکھ جیت سنگھ، شنام سنگھ شامل تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں