50

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے ماہ رمضان المبارک کے دوران ضلع میں سیکورٹی اور صفائی سمیت انتظاما ت کو حتمی شکل دے دی

: 29 مارچ 2022گجرات: ( چوہدری علی شان وڑائچ) ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ ماہ رمضان المبارک کے دوران ضلع میں سیکورٹی اور صفائی سمیت انتظاما ت کو حتمی شکل دے دی گئی ہے،حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق شہریوں کی سہولت کے لئے 10 رمضان بازار لگائے گئے ہیں، گراں فروشی کی روک تھام کے لئے پرائس مجسٹریٹ کی تعداد 18 سے بڑھا کر 34 کر دی گئی ہے، ان خیالات کا ا ظہار انہوں نے ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عمر سلامت،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل افضل حیات تارڑ، اسسٹنٹ کمشنر ز عمر دراز، ساجد کلیار،علمائے کرام سعید شاہ گجراتی، قاری الطاف الرحمان، میر جواد جعفری، الطاف عباس کاظمی،قاری ضیااللہ عطاری،منور کھوکھر، خادم علی خادم، نوید صدیقی و دیگر بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا کہ ضلع گجرات کے علماء کرام اور امن کمیٹی کے ممبران نے ہمیشہ بھائی چارے کے فروغ کے لئے اپنا مثالی کردار ادا کیا ہے،ممبران کمیٹی کے تعاون سے ماہ رمضان المبارک کے دوران بھی امن اور ہم آہنگی کی مثالی فضا برقرار رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران میونسپل کارپوریشن، ضلع کونسل اور سی او یونٹس کو ہدایت کی گئی ہے کہ خصوصاً مساجد کے باہر صفائی کا بہترین انتظام یقینی بنائیں، یوم علی علیہ السلام اور شب ہائے قد ر سمیت دوسرے تمام ایام شایان شان طریقے سے منانے کے لئے علمائے کرام سے قریبی رابطہ رکھا جائے، چوراہوں میں گداگری کے حوصلہ شکنی،ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے، بازاروں سے تجاوزات کے خاتمہ کیلئے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ ڈی پی او عمر سلامت نے کہا کہ موجودہ ملکی حالات اور دہشت گردی کی حالیہ لہر کے پیش نظر مساجد، امام بارگاہوں کی سیکیورٹی کا ازسر نو جائزہ لیا گیا ہے، ایس ڈی پی او ز اور ایس ایچ اوز نے امن کمیٹیوں کے ممبران کے ساتھ اجلاس کے بعد انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع گجرات میں ٹریفک پولیس کی نفری بڑھانے کیلئے انسپکٹر جنرل آف پولیس سے درخواست کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ یوم شہاد ت حضر ت علی علیہ السلام کے موقع پر مجالس عزا،شب قدر کی نما ز تراویح کے موقع پر مساجد اور رمضان بازاروں کی سیکورٹی کے لئے مسلح پولیس کے ساتھ سفید پارچاجات میں نفری فرائض سرانجام دے گی، بازاروں میں لیڈیز پولیس بھی تعینات کی جائے گی۔علمائے کرام و ممبران امن کمیٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ رمضان المبارک کے دوران ضلع میں امن و امان اور بھائی چارے کی فضا برقرار رکھنے کے لئے وہ ضلعی انتظامہ اور پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھیں گے۔۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں