55

گجرات ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد، ضلعی چیئرمین چوہدری نعمان اکبر وڑائچ نے ضلعی اوورسیز کمیٹی کے پندرہ روزہ اجلاس سے خطاب 

گجرات(رپورٹ علی شان) ضلعی اوورسیز پاکستانیز کمیٹی نے ہدایت کی ہے کہ بیرون ممالک مقیم شہریوں کی شکایات اور مسائل کے حل کیلئے ریونیو پولیس کمیٹیاں فعال کردار ادا کریں، قانون کے مطابق کمیٹیوں کو فریقین کو سمن کرنے کی بھی اجازت ہوگی، عان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد، ضلعی چیئرمین چوہدری نعمان اکبر وڑائچ نے ضلعی اوورسیز کمیٹی کے پندرہ روزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اے ڈی سی ریونیو عامر شہزاد، اسسٹنٹ کمشنرز وقار حسین خاں، عمر دراز گوندل، احسن ممتاز، عرفان کلیار، ڈسٹرکٹ اٹارنی میڈم شکیلہ، ڈپٹی پبلک پراسکیوٹر، پولیس ودیگرمحکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں ریونیو پولیس کمیٹی میں ڈی ایس پی، تحصیلدار، ایس ایچ او، متعلقہ گاؤں کا نمبردار شامل ہے، کمیٹی ہفتہ وار اجلاس کریگی اور اس دوران ہونیوالی کاروائی کی تفصیلات ڈپٹی کمشنر آفس کو بھجوائیں گی، اسسٹنٹ کمشنرز اپنے دفاتر میں پہلے ہی اوورسیز سیل قائم کر چکے ہیں اور اگر کسی درخواست کی شنوائی کے دوران کمیٹی اس نتیجے پر پہنچے کہ اس میں فوجداری کاروائی کی ضرورت ہے تو متعلقہ ڈی ایس پی موقع پر ہی ایس ایچ اوز کو ہدایات جاری کریں گے۔قبل ازیں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے بتایا کہ گزشتہ ماہ کمیٹی کے روبرو 104شکایات زیر التواء تھیں پندرہ دن کے دوران ان میں سے 81کی انکوائری کرکے رپورٹس حکومت پنجاب کو بھجوائی جاچکی ہیں، اسسٹنٹ کمشنرز، پولیس اور دیگر محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ زیر التواء شکایات پر کاروائی تیز کریں۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ اٹارنی کو ہدایت کی کہ عدالتوں میں زیر التواء اوورسیز کے کیسز کی فہرست تیار کریں۔ ضلعی چیئرمین اوورسیز پاکستانیز کمیٹی چوہدری نعمان اکبر وڑائچ نے کہا کہ ضلع گجرات کے لاکھوں شہری بیرون ممالک مقیم ہیں اور وہ قیمتی زر مبادلہ بھیج کر ملکی معیشت کی مضبوطی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ او پی سی گجرات اوورسیز کے مسائل کے حل کیلئے پر عزم ہے اس مقصد کیلئے ضلعی انتظامیہ، پولیس سمیت تمام محکموں کا بھرپور تعاون قابل تحسین ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں