164

لاہور : یوکرین جنگ؛ عالمی منڈی میں گندم کی قیمت 75 ڈالر فی ٹن بڑھ گئی

لاہور: یوکرین پر روس کے حملہ کے بعد عالمی منڈی میں گندم کی قیمت میں 75 ڈالر فی ٹن اضافہ ہوگیا، دو روز قبل یوکرین میں گندم کی قیمت 325 ڈالر فی ٹن تھی جو گزشتہ روز 400 ڈالر پر جا پہنچی۔ گندم کی عالمی مارکیٹ میں عدم استحکام اور ملکی پیداوار میں کمی کے حوالے سے خدشات کے سبب پاکستان میں گندم کی اوپن مارکیٹ گندم کی کم ہوتی قیمتیں دوبارہ سے بلند ہو سکتی ہیں، اس وقت پاکستان میں 33 لاکھ ٹن سرکاری اور4 لاکھ ٹن نجی گندم کے تسلی بخش سٹاکس موجود ہیں تاہم ملک میں گندم آٹا قیمتوں اور دستیابی میں استحکام کا دارومدار نئی گندم پیداوار کی صورتحال سے منسلک ہے۔ ملکی پیداوار میں کسی کمی کی صورت میں گندم کی امپورٹ پاکستان کیلئے بہت سخت چیلنج ہوگا، گزشتہ چند برسوں سے پاکستان اپنی مجمودی گندم امپورٹ کا 85 فیصد سے زائد روس اور یوکرین سے حاصل کرتا ہے، یوکرین کی بگڑتی صورتحال کے سبب زرعی اور کاروباری حلقوں کی جانب سے وفاقی و صوبائی حکومت سے مطالبہ شدت پکڑ گیا ہے کہ حکومت مزید تاخیر کئے بنا گندم کی عمدہ سپورٹ پرائس کاا علان کرے۔ مزید تاخیر ملک میں گندم آٹا کے سنگین بحران کا سبب بن سکتی ہے کیونکہ کسانوں کا رجحان مکئی، سرسوں اور کپاس کی کاشت کی جانب بڑھ رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں