99

نارووال : قوم حیران ہے کہ نواز شریف لندن میں بیٹھ کر پاکستان میں انقلاب لانے کے دعویدار ہیں : وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود

نارووال : وفاقی وزیر تعلیم و تحریک انصاف پنجاب کے صدر شفقت محمود نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی سیاست کا محور ملک اور عوام کی بجائے ہمیشہ اپنی اور اپنے حواریوں کی ترقی رہا ہے ، قوم حیران ہے کہ نواز شریف لندن میں بیٹھ کر پاکستان میں انقلاب لانے کے دعویدار ہیں،چھینک آنے پر بھی علاج کے لئے لندن چلے جانے والوں نے عوام کو غربت اور بد حالی کے سوا کچھ نہیں دیا ،وزیر اعظم عمران خان کا قومی صحت کارڈ کا منصوبہ پاکستان کو حقیقی معنوںمیں فلاحی ریاست بنانے کی جانب عملی قد م ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نارووال اور شکر گڑھ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر پیر سید سعید الحسن شاہ، پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات مسرت جمشید چیمہ ،رکن قومی اسمبلی وجیہہ قمر ،کرنل (ر) جاوید کاہلوں، حافظ ذوالفقار مہیس، محمد عارف خان سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ ورکرز کنونشن میں ہزاروں کی تعداد میں کارکنوں نے شرکت کی اور قیادت کے حق میں نعرے لگاتے رہے۔ شفقت محمود نے کہا کہ میں نارووال اور شکر گڑھ کے عوام کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے جوش اور ولولے سے ہمارا استقبال کیا ،ہم سب عمران خان کے کارکن ہیں اور ہم نے اپنے اتحاد سے اپنے قائد کے وژن کی تکمیل کرنی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ورکرز کنونشن میں شرکاء کی اتنی بڑی تعداد میںشرکت سے واضح ہے کہ پاکستان کے عوام تحریک انصاف اور عمران خان کے ساتھ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ عوام نے جس طرح گزشتہ عام انتخابات میں کرپشن اور لوٹ مار کی آبیاری کرنے والوں کو مسترد کیا آئندہ بلدیاتی اور عام انتخابات میں بھی نتائج اس سے مختلف نہیں ہوں گے۔ وزیر اعظم عمران خان پر عزم ہے کہ ہم نے اپنی آنے والی نسلوں کو کرپشن سے پاک ملک دے کر جانا ہے اور اس کے لئے ضروری ہے کہ ملک سے کرپشن کے بیج کو نا پید کر دیا جائے ۔ انہوںے کہا کہ جن کا سب کچھ بیرون ملک ہو وہ پاکستان کے مستقبل کی کیا ضمانت دے سکتا ہے ، نواز شریف نے چالیس سال اقتدار میں گزارے لیکن جب یہ حکومت میں نہ ہوں تو ان کا یہاں دل ہی نہیں لگتا ۔ انہوں نے کہا کہ قومی صحت کارڈ سے عوام خدانخواستہ کسی بیماری کی صورت میں علاج معالجے کی اخراجات سے بے فکر ہوگئے ہیں انشا اللہ اس منصوبے کا دائرہ کار پورے پنجاب تک پھیلے گا،احساس پروگرام کے ذریعے بھی پسے ہوئے طبقات کا بھرپور ساتھ دیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف معیشت کی ابتری کے بھاشن دیتے ہیں لیکن یہ نہیں بتاتے ان کے ملازم کے اکائونٹ سے500 کروڑ روپے کیسے نکل آئے ، یہ وہی پیسے ہیں جو اقتدار میں رہ کر چوری کئے گئے ۔ٹی ٹیز اور کمیشن مارکہ اپوزیشن کے سیاستدان شفاف کردار کے حامل عمران خان کا کسی میدان میں بھی مقابلہ نہیں کر سکتے۔صوبائی وزیر سید سعید الحسن شاہ، مسرت جمشید چیمہ اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پرجوش کارکنان نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ اپنی قیادت کے شانہ بشانہ ہیں اور ملک کو لوٹ کر کھانے والوں کا ہر میدان میں مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکنان عمران خان کی قیادت میں متحد ہیں اور انشا اللہ آئندہ عام انتخابات میں زیادہ اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں