124

اسلام آباد : گذشتہ ہفتےمہنگائی کی شرح میں اضافہ ہوا، وزارت خزانہ

اسلام آباد : وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ شوکت ترین نے سندھ اور بلوچستان میں آٹے کی قیمتوں میں کمی لانے کی ہدایات جاری کردی ہیں، جب کہ وزارت خزانہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ہفتہ وار بنیادوں پر گذشتہ ہفتےمہنگائی میں 0.67 فیصد کا اضافہ ہوا۔ ڈیلی جستجو ڈاٹ کام اور جستجو نیوز ڈاٹ ٹی وی کے مطابق مشیرخزانہ شوکت ترین کی زیرصدارت ہونے والے نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کےاجلاس میں سندھ اور بلوچستان میں آٹے کی قیمتوں میں کمی لانے کی ہدایات جاری کردی گئیں۔ اجلاس میں وفاقی وزراء، مشیروں، معاونین خصوصی اور وزارتوں کے سیکریٹریوں نے بھی شرکت کی۔ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے سیکریٹری خزانہ نے بتایا کہ ہفتہ وار بنیادوں پر گذشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں 0.67 فیصد کا اضافہ ہوا جب کہ 3 اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 20 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ سیکریٹری خزانہ نے کہا کہ مختلف اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اور وفاقی دارالحکومت میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 1100 روپے میں مل رہا ہے۔ مشیر خزانہ نے پنجاب اور وفاقی دارالحکومت میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 1100 روپے میں فراہمی کی تعریف کرتے ہوئے سندھ اور بلوچستان میں بھی آٹے کی قیمتوں میں کمی لانے کی ہدایت کی۔ سیکریٹری خزانہ نے بتایا کہ پنجاب میں چینی کی قیمت میں مسلسل کمی کا جحان ہے جس پر مشیر خزانہ نے دیگر صوبوں کو چینی کی قیمتوں پر قابو پانے کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں