نیویارک : مشہور ہالی ووڈ اداکار سے فلم کے سیٹ پر گولی چلنے سے خاتون ہلاک

نیویارک : مشہور ہالی ووڈ اداکار ایلک بالڈون سے فلم کے سیٹ پر گولی چلنے سے خاتون ہلاک اور ہدایت کار زخمی ہوگیا۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ہالی ووڈ اداکار الیک بالڈون نیو میکسیکو میں فلم کی شوٹنگ میں مصروف تھے تاہم اس دوران حادثاتی طور پر ان سے فلموں میں استعمال ہونے والی گن سے گولی چل گئی جس کے نتیجے میں موقع پر موجود خاتون کیمراویمن اور ہدایت کار زخمی ہوگئے جنہیں فوراً اسپتال منتقل کیا گیا تاہم خاتون زخموں کو تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگئیں۔ پولیس کے مطابق خاتون کی شناخت 42 سالہ ہیلینا ہِچنس کے نام سے ہوئی ہے جو کیمراویمن ہیں جب کہ فلم کے ہدایت کار جول سوزا مقامی اسپتال میں زیر علاج ہیں، واقعہ کے بعد 63 سالہ امریکی اداکار نے پولیس کو بیان ریکارڈ کرادیا ہے تاہم ابھی تک مقدمہ میں کسی کو نامزد نہیں کیا گیا اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔ واضح رہے کہ الیک بالڈون امریکی اداکار و پروڈیوسر ہونے کے ساتھ ساتھ کامیڈین بھی ہیں تاہم اس فلم میں وہ بحیثیت نہ صرف مرکزی کردار ادا کررہے ہیں بلکہ فلم کے پروڈیوسر بھی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں