اسٹاک ہوم : فلپائنی اور روسی صحافی نے امن کا نوبل انعام جیت لیا

اسٹاک ہوم ( انٹرنیشنل نیوز ڈیسک ) ناروے کی نوبل کمیٹی نے فلپائن کی ماریا ریسا اور روس کے دمتری موراتوف کو آزادیٴ صحافت کےلیے غیرمعمولی خدمات پر 2021 کے نوبل انعام کا مشترکہ حقدار قرار دیا ہے۔ نوبل کمیٹی نے اپنے اعلامیے میں کہا ہے کہ جمہوریت اور پائیدار امن کےلیے آزادیٴ اظہار بنیادی اہمیت رکھتی ہے؛ اور ان دونوں صحافیوں نے آزادیٴ اظہار کے تحفظ میں گراں قدر کوششیں کی ہیں جن کے اعتراف میں ان دونوں کو مشترکہ طور پر امن کا نوبل انعام دیا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ ماریا ریسا کا شمار جنوب مشرقی ایشیا کے مشہور ترین صحافیوں میں ہوتا ہے جو ایک طویل عرصے تک ’’سی این این‘‘ سے بھی وابستہ رہی ہیں۔ وہ نوبل انعام حاصل کرنے والی پہلی فلپائنی بھی ہیں۔ دمتری آندرے وچ موراتوف کا تعلق روس سے ہے اور وہ 1995 سے 2017 تک روسی اخبار ’’نوفایا گزیٹا‘‘ کے چیف ایڈیٹر رہے ہیں۔ موراتوف کی ادارت میں اس اخبار نے حساس موضوعات بالخصوص روسی حکام کی بدعنوانی کے خلاف سخت تنقیدی لیکن قابلِ بھروسہ مواد شائع کیا اور نہ صرف روس بلکہ پوری مغربی دنیا میں شہرت حاصل کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں